عرب امارات نے دھماکہ خیز اشیاء سے لدا ہوا ایرانی ڈرون پکڑ لیا

ایرانی ڈرون فتہ یمنی افواج کے ٹھکانوں تک رسائی کی کوشش کررہا تھا،عرب اتحاد کا اعلامیہ

جمعرات اپریل 15:07

عدن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اپریل2018ء) متحدہ عرب امارات کی اسپیشل فورس نے دھماکہ خیز اشیائسے لدا ہوا ایرانی ڈرون پکڑ لیا۔ یہ یمن کی آئینی حکومت کی بحالی کیلئے قائم عرب اتحاد کی حمایت یافتہ یمنی افواج کے ٹھکانوں تک رسائی کی کوشش کررہا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اماراتی فورس نے ڈرون سے دھماکہ خیز مواد بھاری مقدار میں برآمد کیا جسے مخصوص ٹھکانوں کیخلاف استعمال کیا جانے والا تھا۔

سعودی عرب کی زیر قیادت عرب اتحاد نے اعلامیہ جاری کرکے کہا کہ ایرانی ڈرون سے نمٹنے کا عمل جاری رہے گا۔ ایرانی نہ صرف یہ کہ یمن کی افواج عوام کیلئے براہ راست خطرہ ہیں وہ بحراحمر میں جہاز رانی کو بھی مخدوش کررہے ہیں۔اس سے قبل اطلاع ملی تھی کہ عرب اتحادی افواج نے یمن کے صوبے حجہ کے ضلع میدی کی فضائی حدود میں پرواز کرنے والے ایران کے دو بغیر پائلٹ جاسوس طیارے مار گرائے ۔

(جاری ہے)

حوثی ملیشیا نے ایک روز قبل میدی میں یمن کی قومی فوج اور عرب اتحادی فوج کی نقل وحرکت اور ٹھکانوں کا سراغ لگانے کے لیے ایرانی ساختہ دو بغیر پائلٹ جاسوس طیارے فضا میں چھوڑے تھے۔یمنی فوج نے حال ہی میں میدی کو حوثی باغیوں کے قبضے سے آزاد کرایا ہے۔ذرائع کے مطابق حوثیوں نے دوبارہ جاسوس ڈرون کے ذریعے معلومات اکٹھی کرنے کی کوشش کی لیکن یمنی فوج اور اتحادی فورسز نے ان کے ایرانی ساختہ ڈرو ن کو مار گرایا ۔