اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان رمضان المبارک میں کیا جائے، شرف الزماں

جمعرات 19 اپریل 2018 16:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسو سی ایشن (پسما) کے چیئر مین شرف الزماں نے کہا ہے کہ اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان رمضان المبارک میں کیا جائے تاکہ رمضان المبارک کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے طلباء و اساتذہ مکمل یکسوئی کے ساتھ عبادت کر سکیں اور چھٹیوں کا مقصد بھی پورا ہو جائے انہوں نے کہا کہ والدین اور طلباء کی جانب سے پرائیویٹ اسکولز انتظامیہ پر یکم رمضان سے گرمیوں کی چھٹیوں کے لئے دبائو ہے شرف الزماں نے کہا کہ برسا برس سے چھٹیوں کا شیڈ و ل میں کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی ہے جبکہ موسمی تغیر کی وجہ سے اکثر گرمیوں یا سردیوں کی چھٹیوں سے قبل ہی موسم میں شدت آجاتی ہے لہذا چھٹیوں کے شیڈول میں بھی تبدیلی آنا چاہیے جس سے والدین ، سرپرست حضرات ، اسکول منتظمین ،اساتذہ اور طلباء کو بھی فائدہ ہو گاشرف الزماں نے کہا کہ 15 مئی سے رمضان المبارک شروع ہو ر ہے ہیں جبکہ گرمیاں ابھی سے شروع ہوچکی ہیں جبکہ آگے موسم میں مزید شدت کا اندیشہ ہے جس سے طلباء کا برا حال ہوجائے گا انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ میں 18,18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس کی وجہ سے اسکولوں میں پڑھنے والے بچے گرمی کی شدت سے بے ہوش بھی ہوجاتے ہیں شرف الزماں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کا حال تو اس سے بھی برا ہے چونکہ وہاں بجلی کا کوئی متبادل انتظام ہی موجود نہیں ہوتا جبکہ سینکڑوں ایسے اسکول ہیں جہاں بجلی کئی کئی سالوں سے کٹی ہوئی ہے جس کی وجہ سے اساتذہ پورے پورے دن شدید گرمی میں درس وتدریس کا کام سرانجام دیتے ہیں اور افسران بالا سے شکایت کرنے کے باوجود بھی آج تک ان اسکولوں کی بجلی بحال نہیں ہو سکی انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسو سی ایشن (پسما) اور آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن سندھ کے چیئر مین شرف الزماں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب دہڑ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس جانب خصوصی توجہ دیں تاکہ یہ مسئلہ حل ہو سکے شرف الزماں نے کہا کہ اگر محکمہ تعلیم 15مئی یکم رمضان سے چھٹیوں کا اعلان کردے تو ماہ جولائی میںاسکول کھلنے کے بعد اساتذہ اور طلباء کو جشن آزادی کی بھر پور تیاری کے لئے مزید 10,12 روز مل جائیں گے اور نئی نسل کو جشن آزادی کے مقاصد سے پوری طرح آگاہ کیا جاسکے گا چونکہ نئی نسل کو قیام پاکستان اور اپنے بزرگوں کی قربانیوں سے آگاہ کرنا بہت ضروری ہے