بلدیہ ٹاؤن میں واقع عوامی پارک پر قبضے سے متعلق مقدمے میں ایس ایس پی غربی کو قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کا حکم

جمعرات 19 اپریل 2018 17:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت نے بلدیہ ٹاؤن کے علاقے میں واقع عوامی پارک پر قبضے سے متعلق مقدمے میں ایس ایس پی غربی کو قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی ہے ۔جمعرات کو جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں بلدیہ ٹاون میں واقع عوامی پارک پر قبضے کے معاملے کی سماعت ہوئی ۔

درخواست گذار نے موقف اختیار کیا کہ بلدیہ ٹاون میں واقع قاسم پارک پر قبضہ مافیا نے قبضہ کررکھا ہے۔

(جاری ہے)

پارک بچوں کے کھیلنے اور صحت مندانہ سرگرمیوں کے لئے مختص تھا۔زمان نامی شخص نے پارک پر قبضہ کررکھا ہے۔میں اس سے قبل 4 مرتبہ متعلقہ محکموں میں قبضہ مافیا کے خلاف درخواست دے چکا ہوں لیکن قبضہ مافیا کے خلاف تاحال کوئی قانونی کارروائی عمل میں نہیں آئی۔قبضہ مافیا کو علاقے کے یونین کونسل کے چیرمین کی مدد بھی حاصل ہے۔عدالت سے استدعا ہے کہ عوامی پارک کو لینڈ مافیا کے قبضے سے واگزار کرایا جائے۔عدالت نے ایس ایس پی غربی کو قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی ہے

متعلقہ عنوان :