طالب علم کے قتل میں ملوث سابق ایس ایچ او اقبال کانڈرو کا 7روزہ ریمانڈ منظور

جمعرات 19 اپریل 2018 18:24

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) چار روز قبل تھانہ شہید الاہی بخش سیال میں پولیس تشدد کے باعث ہلاک ہونے والے نویں جماعت کے طالبعلم کاشف شاہ کے مقدمے میں نامزد تھانے کے سابق ایس ایچ او اقبال کاندڑو کو گذشتہ روز مارکیٹ پولیس نے فورتھ جڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے انہیں 7 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کیے۔

پولیس کے مطابق گرفتار سابق ایس ایچ او کو 7 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے جس سے مزید تفتیش کرکے 7 روز کے بعد ایسی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے گی۔

(جاری ہے)

واضع رہے کہ چار روز قبل باقرانی تحصیل میں صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال کے گاؤں مڈ فرید آباد میں قائم تھانہ شہید الاہی بخش سیال میں 80 ہزار چوری کے مقدمے میں نویں جماعت کے طالبعلم کاشف شاہ کو گرفتار کیا گیا جس کی ہلاکت کو پولیس نے خودکشی قرار دیا تھا تاہم ورثا کے احتجاج کے بعد صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے نوٹس لیتے ہوئے ہلاک ہونے والے نوجوان کے ورثا کی مدعیت میں تھانے کے ایس ایچ او اقبال کاندڑو سمیت دیگر اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، واقعے کے بعد ایس ایچ او فرار تھا جسے بدھ کی شب دیر سے تھانہ مارکیٹ کے حد سے گرفتار کیا گیا۔