ڈیرہ شہر میں پتنگ بازی کے دوران بچہ مکان کی تیسری منزل سے گر کر جاں بحق

جمعرات 19 اپریل 2018 18:36

ڈیرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) ڈیرہ شہر میں پتنگ بازی کے دوران بچہ مکان کی تیسری منزل سے گر کر جاں بحق ہوگیا ،دو ہفتوں کے دوران چار بچے لقمہ اجل بن گئے ،کئی بچے شدید زخمی ،شہریوں کا شدید احتجاج ،پتنگ بازی پر فوری پابندی عائد کرنے کا مطالبہ ۔ڈیرہ اسماعیل خان میں پتنگ بازی کے شوق میں کئی بچے اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں اور یہ سلسلہ روز بروز بڑھتا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

ڈیرہ شہر کے محلہ سالار پور گلی منگلا والا میں پندرہ سالہ بچہ احمد ولد عبدالرحمٰن قوم راجپوت پتنگ بازی کے شوق میں مکان کی تیسری منزل سے گر کر جاں بحق ہوگیا ۔اسی طرح دو ہفتے کے دوران چار ہلاکتیں اور متعدد بچے زخمی ہوکر مستقل معذوری کاشکا ر ہوچکے ہیں ۔دوسری جانب ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی بے حسی مسلسل برقرار ہے اور بارہا توجہ مبذول کرانے کے باوجود پتنگ بازی کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں لائی جارہی جس کے وجہ سے کئی زندگیا ں دائو پر لگ چکی ہیں ۔شہریوں اور والدین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے پتنگ بازی کے خلاف فوری پابندی عائد کرنے اور اس کے خلاف سخت قانونی کارائی کرنے کا مطالبہ کیاہے۔