سی سی پی کے زیر اہتمام رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں کمپی ٹیشن سے متعلقہ خدشات پر کھلی سماعت کا انعقاد

جمعرات 19 اپریل 2018 20:34

سی سی پی کے زیر اہتمام رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں کمپی ٹیشن سے متعلقہ خدشات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) کمپی ٹیشن آف پاکستان کی جانب سے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں کمپی ٹیشن سے متعلقہ خدشات پر تین کھلی سماعتوں کا آج کراچی میں اختتام ہو گیا۔ان کھلی سماعتوں کے انعقاد کا مقصد یہ تھا کہ متعلقہ معاملے پر تمام سٹیک ہولڈرز کی رائے لی جا سکے۔ ان کھلی سماعتوں کی صدارت سی سی پی چیئر پرسن ودیعہ خلیل اور ممبران ڈاکٹر شہزاد انصر اور ڈاکٹرمحمد سلیم نے کی ۔

کراچی میں جمعرات 19 اپریل کو یہ کھلی سماعت منعقد ہوئی جبکہ اسلام آباد اور لاہو ر میں اس کا انعقاد 11 اور 17اپریل کو کیا گیا۔ ان عوامی سماعتوں کے شرکاء میں رئیل اسٹیٹ ایسوسی ایشنز، بلڈرز، ڈیولیپرز، مارکیٹرز ، ریگولیٹرز ، متعلقہ سرکاری حکام اور صارفین کی بڑی تعداد شامل تھی۔

(جاری ہے)

سی سی پی چیئر پرسن ودیعہ خلیل نے ابتدائی ریمارکس میںکہا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر معاشی ترقی اور عوام کی رہائشی ضرورت کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

البتہ ، سی سی پی کو صارفین کی جانب سے دھوکہ دھی پر مبنی مارکیٹنگ اور دوسر ے متعلقہ معاملات پر بہت سے خدشات اور شکایات وصول ہو رہی ہیں۔انہوں نے مذید کہا کہ سی سی پی کی جانب سے یہ کھلی سماعت اس لئے منعقد کی گئی ہے تاکہ سی سی پی اپنے مینڈیٹ کے مطابق ان مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کر سکے۔ کھلی سماعتوں میں موجود شہریوں نے ڈیویلیپرز اور مارکیٹنگ کمپنیو ں کی جانب سے کی جانب سے دھوکہ دھی پر مبنی مارکیٹنگ کی شکایات کیںاور کہا کہ زیادہ تر کیسز میں کمپنیوں کی جانب سے مارکیٹنگ مہم میں کئے گئے وعدے حقیقت میں پورے نہیں کئے جاتے۔

ان کی جانب سے پلاٹس کی اوور بکنگ،پلاٹس کے قبضہ دینے میں تاخیراور متعلقہ اداروں سے ہائوسنگ سوسائٹیوں کی منظوری جیسے معاملات بھی اٹھا ئے گئے۔مارکیٹرز اور ڈیویلپرز کی جانب سے یہ کہا گیا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر کسی ریگولیٹری نگرانی کے بغیر کام کر رہا ہے اور موئثر نگرانی نہ ہونے کی وجہ سے تمام سٹیک ہولڈرز متاثر ہورہے ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سیکٹر میں بھی مناسب ریگولیشن ہونی چاہئے۔

متعلقہ سرکاری حکام نے بھی اس معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے پر عوامی شکایات سے آگاہ ہیںاور ان مشکلات کے حل کے لیے کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سی سی پی چیئر پرسن ودیعہ خلیل نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عوامی سماعتوں کے دوران تمام سٹیک ہولڈرز کی جانب سے دیئے گئے مئوقف کا جائزہ لینے کے بعد اور حقائق کو جانچنے کے بعد سی سی پی اس معاملے پر اپنی رائے کا اجراء کرے گا۔