آئی جی خیبرپختونخوا نے اہم شخصیات کی حفاظت پر مامور عملہ کی واپسی کے احکامات جاری کردیئے

جمعرات 19 اپریل 2018 22:49

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) آئی جی پی خیبر پختونخوا صلاح الدین خان محسود نے چیف جسٹس سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں صوبہ بھرمیں مختلف شخصیات کی حفاظت پر مامور پولیس سیکورٹی عملہ کی واپسی کے احکامات جاری کردیئے۔تمام ریجنل پولیس افسروں کو سیاسی و مذہبی رہنمائوں ، افسروںاور پرائیویٹ اشخاص کے پاس گارڈز اور گن مینوں کو فوری طور پر متعلقہ پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی۔

قبل ازیں آئی جی کے پی نے عدالت میں پیشی کے موقع پر وی آئی پیز پروٹوکول سیکورٹی کی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ انہوں نے بتایاکہ تین ہزار سیکورٹی اہلکار مختلف افراد کی سیکورٹی پر مامور ہیں، سترہ فیصد غیر مستحق کو سیکورٹی دی گئی ہے احکامات جاری کر دئے ہیں شام چھ بجے تک تمام اہلکار واپس آجائیں گے۔

(جاری ہے)

دوران سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے استفسارکیاکہ آپ کا نام آئی جی صلاح الدین خان ہے،آئی جی نے کہاجی ہاں جس پر چیف جسٹس نے کہاکہ آپ کی بہت تعریف سنی ہے۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثارنے کہاکہ دہشتگردی میں ذاتی طور پر آپ کا بہت نقصان ہوا ہے۔ چیف جسٹس کے استفسارپر آئی جی نے بتایاکہ تین ہزارکے قریب غیر متعلقہ لوگوں کے پاس پولیس سکیورٹی ہے جس پرچیف جسٹس نے حکم دیاکہ ایسی تمام سیکورٹی آج رات تک واپس لی جائے، ان احکامات کی روشنی میں آئی جی خیبرپختونخوا نے عملہ کی واپسی کے احکامات جاری کردئیے۔