سینٹ انتخابات میں تین کروڑ کے عوض ووٹ فروخت کرنے کا الزام محض سازش ہے،

پیسوں کے عوض اپنا 16 سالہ سیاسی کیریئر کسی صورت دائو پر نہیں لگا سکتا، ووٹ پارٹی پالیسی کے عین مطابق دیا پی ٹی آ ئی کے رکن صوبائی اسمبلی فیصل زمان کا پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 19 اپریل 2018 23:27

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) پی ٹی آ ئی کے رکن صوبائی اسمبلی فیصل زمان نے کہا ہے کہ سینٹ انتخابات میں تین کروڑ کے عوض ووٹ فروخت کرنے کا الزام محض سازش ہے، کمیٹی کے تمام ممبران کو اپنے خرچہ پر خانہ کعبہ لے جا کر تسلی دے سکتے ہیں کہ ووٹ فروخت نہیں کیا، پیسوں کے عوض اپنا 16 سالہ سیاسی کیریئر کسی صورت دائو پر نہیں لگا سکتے، ووٹ پارٹی پالیسی اور لیڈران کے کہنے کے عین مطابق دیا ہے، اپنی اعلیٰ قیادت کو ہر فورم پر تسلی دینے کیلئے تیار ہیں لیکن اس کے ساتھ خود بھی انصاف کے طلب گار ہیں کہ ان کے اوپر اتنا بڑا الزام کیسے لگا، اس کی بھی تحقیقات ہونی چاہئے۔

وہ جمعرات کو ہری پور پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ضلع ناظم ہری پور عادل اسلام، تحصیل ناظم غازی اسلم حیات، صدر پریس کلب ذاکر تنولی، جنرل سیکرٹری ملک فیصل اقبال خان سمیت پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

فیصل زمان نے کہاکہ ممکن ہے کہ کچھ لوگ ووٹوں کی فروخت میں ملوث ہوں لیکن ان کی ذات کا کسی خرید و فروخت سے کوئی تعلق یا واسطہ نہیں ہے اور نہ ہی ان کا عہدہ یا خاندان انہیں ایسے کام کرنے کی اجا زت دیتا ہے کیونکہ 2018ء کا الیکشن ان کے سیاسی کیریئر کا چوتھا الیکشن ہے اور ان کے کیریئر کے دوران اس سے قبل بھی متعدد سینٹ کے انتخابات گذر چکے ہیں، پارٹی میں جو الزام لگا ہے پہلے اسے صاف کریں گے پھر عوام سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔

رکن صوبائی اسمبلی فیصل زمان نے قرآن پاک ہاتھ میں اٹھا کر کہا کہ ان کا دل مطمئن اور صاف ہے، قرآن پاک سے بڑی کوئی چیز نہیں ہے اور اس الزام کو غلط ثابت کرنے کیلئے ہم نے قرآن کا حلف لیا ہے کیونکہ کسی بھی مسلمان کیلئے قرآن سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے اور وہ کبھی اپنے ایمان کو خراب نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ذریعہ ان کے اور دیگر ممبران اسمبلی کے خلاف لئے گئے ایکشن کا علم ہوا، کسی بھی کمیٹی نے اس سے قبل ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا حالانکہ ہمیں پہلے شوکاز نوٹس دیا جاتا یا وضاحت طلب کی جاتی کہ آپ پر یہ الزام عائد ہے اور آپ اپنی صفائی پیش کریں بلکہ پہلے ہمارے خلاف ایکشن لیا گیا اور بعد میں شوکاز نوٹس دیا جا رہا ہے۔