سپریم کورٹ نے سیاسی پارٹی ’’بلوچستان نیشنل موومنٹ‘‘ کی رجسٹریشن کے حوالے سے دائر درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا، سماعت 25 اپریل تک ملتوی

جمعرات 19 اپریل 2018 23:33

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) سپریم کورٹ نے سیاسی پارٹی ’’بلوچستان نیشنل موومنٹ‘‘ کی رجسٹریشن کے حوالے سے دائر درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 25 اپریل تک ملتوی کردی ہے۔ جمعرات کو جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل کامران مرتضیٰ عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

کامران مرتضیٰ نے اپنے دلائل میںکہا کہ الیکشن کمیشن کو مطلوبہ دستاویز دیں لیکن رجسٹریشن نہیں کی گئی، ہماری پارٹی نے الیکشن بھی لڑنا ہے۔ جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ اب کونسا الیکشن لڑنا ہے۔ وکیل کامران مرتضیٰ نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات 2018ء میں حصہ لینا ہے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت25 اپریل تک ملتوی کردی۔