سیکرٹری بی آئی ایس پی عمر حمید نے کھانے کی فہرست آدھا گھنٹہ تاخیر سے دینے پر ڈی جی ایڈمن شمیم گل درانی کو واپس پیمرا روانہ کر دیا

اعلیٰ سطحی جھگڑے میں سیکرٹری نے ڈی جی ایڈمن کو جی بھر کر گالیاں دیں،کمرے سے سامان بھی اٹھانے کا موقع نہیں دیا افسران کے درمیان ہونیوالا جھگڑا دیکھ کر چھوٹے ملازمین سہم گئے

جمعرات 19 اپریل 2018 23:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2018ء) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سیکرٹری عمر حمید نے کھانے کی فہرست آدھا گھنٹہ تاخیر سے دینے پر ڈی جی ایڈمن شمیم گل درانی کو واپس پیمرا روانہ کر دیا۔ گزشتہ روز ہونے والے اس اعلیٰ سطحی جھگڑے میں سیکرٹری نے ڈی جی ایڈمن کو جی بھر کر گالیاں بھی دیں اور کمرے سے سامان بھی اٹھانے کا موقع نہیں دیا۔

افسران کے درمیان ہونیوالا جھگڑا دیکھ کر چھوٹے ملازمین سہم گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سیکرٹری عمر حمید اس وقت آپے سے باہر ہو گئے جب ڈائریکٹر جنرل ایڈمن شمیم گل درانی نے انہیں کھانے کی فہرست آدھا گھنٹہ تاخیر سے فراہم کی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ اس کھانے کی فہرست تھی جو اگلے روز شام کو دیا گیا تھا لیکن سیکرٹری عمر حمید دفتر کے تمام ضابطہ اخلاق بھول کر آؤ دیکھا نہ تاؤ اور شمیم گل درانی کو بازو سے پکڑ کر دفتر سے باہر نکال دیا اور انہیں سامان اٹھانے کے لئے مہلت دینے سے ہپلے ہی کمرہ لاک کر دیا گیا اور ساتھ ہی شمیم گل درانی کو پیمرا واپسی کا حکمنامہ بھی تھما دیا گیا۔

(جاری ہے)

شمیم گل درانی پیمرا کے ملازم ہیں اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں ڈی جی ایڈمن تعینات تھے۔ اس واقعہ کے حوالے سے ڈی جی میڈیا محترمہ ثمینہ فرزین سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ سیکرٹری اور ڈی جی کے درمیان نازیبا گفتگو یا کمرہ لاک کرنے سے متعلق مجھے علم نہیں ہے لیکن مجھے یہ معلوم ہے کہ شمیم گل درانی پیمرا سے 3سال کے لئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں آئے تھے اور اب انہیں 5سال ہو چکے تھے اس لئے سیکرٹری نے انہیں واپس بھیج دیا ہے۔

ڈی جی ثمینہ فرزین نے کہا کہ کھانے کی فہرست فراہم نہ کرنے سے متعلق بھی مجھے کچھ علم نہیں ہے ۔ تاہم آن لائن کو ملنے والی مصدقہ اطلاعات کے مطابق ڈی جی ایڈمن شمیم گل درانی کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں تعینات ہوئے ابھی تین سال کا عرصہ بھی پورا نہیں ہوا چونکہ سیکرٹری عمرحمید انہیں ناپسند کرتے تھے اس لئے کھانے کی فہرست کو بہانہ بنا کر انہیں ٹارگٹ کیا گیا ،ڈی جی میڈیا ثمینہ فرزین نے رابطہ کرنے پر آن لائن کو غلط معلومات فراہم کیں ،شمیم گل درانی کا ڈیپوٹیشن پریڈ مکمل ہونے میں ابھی کچھ ماہ باقی ہیں ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جب سیکرٹری عمر حمید ڈی جی ایڈمن پر برس رہے تھے تو پورے دفتر میں سناٹا چھایا ہوا تھا اور چھوٹے ملازمین اپنے انپے کمروں میں سہمے ہوئے تھے۔۔

متعلقہ عنوان :