عوام کی بے پناہ خدمت کے باعث محمد نواز شریف پاکستانی عوام کے دلوں میں بستے ہیں ‘ لبنٰی ریحان پیرزادہ

جمعرات 19 اپریل 2018 23:50

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ایم پی اے لبنٰی ریحان پیرزادہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) وفاق کی علامت اور ملکی و عوامی ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہے‘ اپنے ہر دور اقتدار میں مسلم لیگ (ن) نے عوامی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے اور ملکی و عوامی ترقی و خوشحالی کے لئے تمام تر وسائل بروائے کار لائے۔

گذشتہ روز اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ملک کو ایٹمی قوت سے لیکر معاشی طاقت بنانے کا سفر قائد محمد نواز شریف اور ان کی ٹیم کی صلاحیتوں کی بدولت ممکن ہوا یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔ محمد نواز شریف پاکستانی عوام کے ہر دل عزیز اور مقبول ترین لیڈر ہیں و ہ پاکستانی عوام کے دلوں میں رہتے ہیں اور انہیں عوام کے دلوں سے کوئی نہیں نکال سکتا ۔

(جاری ہے)

پوری قوم اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کے ساتھ آج پہلے سے زیادہ جوش اور جذبے کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں متحد ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کا ہر ورکر محمد نواز شریف کا سپاہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے جس طرح پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی ۔ ترقی و خوشحالی کا سفر جو میاں محمد نواز شریف نے شروع کیا ہے۔ وہ انشااللہ جاری رہے گا اور مسلم لیگ(ن) 2018 کے عام انتخابات میں زیادہ طاقت اور قوت کے ساتھ کامیابی حاصل کرے گی۔