سوئی نادرن گیس کمپنی کی ممکنہ نجکاری

سینکڑوں ملازمین کا دو گھنٹے کا علامتی احتجاجی ہڑتال ،صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا

جمعہ 20 اپریل 2018 19:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2018ء) سوئی نادرن گیس کمپنی کے سینکڑوں ملازمین نے کمپنی کی ممکنہ نجکاری کیخلاف گزشتہ روز بجی دو گھنٹے کی علامتی احتجاجی ہڑتال کی جس کے باعث گیس صارفین کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا علامتی احتجاجی ہڑتال کے باعث سوئی نادرن گیس کمپنی کے کسٹمر سروسز مراکز بھی دو گھنٹے کیلئے بند رہے ملازمین کے احتجاج اور ہڑتال کا گزشتہ روز پانچواں دن تھا اس موقع پر احتجاجی ملازمین نے وفاقی حکومت کے فیصلے کیخلاف نعرے بازی کی لاہور ایریا دفتر گورو مانگٹ روڈ پر منعقدہ احتجاجی ہڑتالی کیمپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے برانچ سیکرٹری رانا وقار نے کہا کہ سوئی نادرن گیس کمپنی کو چار حصوں میں تقسیم کر کے کمپنی کی ممکنہ طور پر نجکاری کرنے کی کوشش کی جارہی ہے حکومت کے اس فیصلے کو عملی جامعہ پہنانے سے کمپنی ملازمین کے حقوق پامال ہونگے انہوں نے چیف آف پاکستان سے استدعا کی کہ وہ منافع بخش کمپنی کی نجکاری پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے وفاقی حکومت کی اس کوشش کو رکوائیںشرکاء سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر میاں فہیم نے کہا کہ سوئی نادرن گیس کمپنی کے ملازمین نجکاری کو کسی صورت برداشت نہیں کرینگی پہلے کمپنیاں بنائی جائیں گی بعد ازاں ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کر دیا جائیگا۔