سی سیک اور امپائر پراپرٹیز کے درمیان گوادر میں پہلی پر آسائش گالف کمیونٹی ’’چائنہ پاک گالف اسٹیٹس‘‘ کی تعمیر کے حوالے سے مفاہمت کا سمجھوتہ طے پا گیا

جمعہ 20 اپریل 2018 23:13

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) چین کی بڑی تعمیراتی کمپنی چائنہ سول انجینئرنگ کنسٹرکشن کارپوریشن (سی سیک) اور امپائر پراپرٹیز کے درمیان گوادر میں پہلی پر آسائش گالف کمیونٹی ’’چائنہ پاک گالف اسٹیٹس‘‘ کی تعمیر کے حوالے سے مفاہمت کا سمجھوتہ طے پا گیا ہے۔ ’’امپائر پراپرٹیز‘‘ ممتاز بین الاقوامی ڈویلپرز ’’سی پی آئی سی‘‘ کا پاکستان میں رجسٹرڈ ٹرسٹی ہے۔

جمعہ کو جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق 26 کروڑ 50 لاکھ ڈالر مالیت کی ڈویلپمنٹ گوادر کی ترقی میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے جس سے ابھرتے ہوئے ساحلی شہر میں شاندار رہائشی سہولیات اور جدید طرز زندگی فراہم کرے گی۔ چائنہ سول انجینئرنگ کنسٹرکشن کارپوریشن چین کی سرکاری کنسٹرکشن کمپنی ہے جو جون 1979 میں قائم کی گئی۔

(جاری ہے)

سی سیک کی کاروباری سرگرمیاں 40 سے زائد ملکوں اور علاقوں تک پھیلی ہیں اور بیرون ملک اس کے 20 سے زائد دفاتر قائم ہیں۔

اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر سی سیک (پاکستان) وانگ لی نے کہا کہ چائنہ پاک گالف اسٹیٹس نہ صرف گوادر بلکہ پورے پاکستان کے لئے فائدہ مند ثابت ہو گا اور اس یادگاری منصوبے کا حصہ بننا ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ابھرتے پاکستان کی گروتھ سٹوری میں اہم کردار ادا کرے گا اور اس سے پاکستان میں ماسٹر کمیونٹی کی ترقی میں نیا معیار قائم ہو گا۔

امپائر پراپرٹیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر افضل شاہ نے کہا کہ اس منصوبے سے پاکستان میں ریئل اسٹیٹ کی ترقی میں حقیقی معنوں میں نئے معیار مقرر ہوں گے اور اس سلسلے میں سی سیک سے زیادہ کوئی بہتر کمپنی نہیں جس کے ساتھ اس معیار کا کام کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مل کر پاکستان کی ریئل اسٹیٹ انڈسٹری کا نقشہ تبدیل کر دیں گے۔ ہمارا مقصد عالمی معیارات کے مطابق مارکیٹ کو ترقی دینا ہے۔

متعلقہ عنوان :