ملک کو لسانی بنیادوں پر تقسیم نہیں ہونے دیںگے،پاکستان ہم سب کاہے ، پختون ، سندھی ، بلوچی اور پنجابی سب آپس میںبھا ئی بھائی ہیں،ایک دوسرے سے پیارو محبت رکھنے والے پاکستانی شہری ہیں،نو منتخب سینیٹر و صوبائی حکومت کے ترجمان انورالحق کاکڑ کا ویڈیو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 21 اپریل 2018 22:24

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) بلوچستان سے نو منتخب سینیٹر و صوبائی حکومت کے ترجمان انورالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان ہم سب کاہے ، ہم ، پختون ، سندھی ، بلوچی اور پنجابی سب آپس میںبھا ئی بھائی ہیں اور ایک دوسرے سے پیارو محبت رکھنے والے پاکستانی شہری ہیں۔وہ ہفتہ کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آبادمیں منعقدہ ویڈیو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

انورالحق کاکڑ کے علاوہ ،تحریک نوجوانان پاکستان کے سربراہ عبداللہ گل ، خد مت خلق فائونڈیشن انٹرنیشنل کے سراہ نعمت اللہ ظہیر ، ویڈیو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر شاہین گردیزی ، کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضاالرحمن، نیشنل پریس کلب کے صدر طارق محمود چوہدری ،راولپنڈی اسلام آبادیونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکر ٹری علی رضا علوی ، پی ٹی وی نیوز کے پروگرام پرائم ٹائم کے اینکر ڈاکٹر سجاد بخاری ، آر آئی یو جے کے جوائنٹ سیکرٹری شیراز گردیزی سمیت دیگراہم سماجی وسیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انورالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان کو لسانی بنیادوں پر تقسیم نہیں ہونے دیںگے، نفرت پھیلانے والے پاکستان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں،ماضی میں بھی اسطرح کی تحاریک جس تیزی سے شروع ہوئیں اور اسی تیزی سے ختم ہوگئیں اور آئندہ بھی ایسی کوئی سازش ہوئی تو ہم سب ملکر اسے ناکام بنائیں گے ۔صحافیوںکو درپیش مسائل پر قومی اسمبلی اور سینیٹ میں قانون سازی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

خدمت خلق فائونڈیشن انٹرنیشنل کی طرف سے ویڈیو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے ممبر خرم شہراد جو کہ کسی واقع کے بعد ااپنے دونو ں پائوںسے اپاہج ہوگئے تھے، کے مفت اور مکمل علاج کا اعلان بھی کیا۔ویڈیو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر شاہین گردیزی نے کہا کہ میرا مقصد اپنی کمیونٹی کی خدمت کرناہے خدمت کے اس سفر کو جاری رکھیں گے۔انھوں نے اس پروقار تقریب میں شرکت کرنے والے سب مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ویڈیوجرنلسٹس کی تحفظ کے لئے قانون سازی کی ضرورت پر زور دیا۔

کوئٹہ پریس کلب کے صدر رضاالرحمن نے ویڈیو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے صحافیوں کو بھی اس تنظیم کا حصہ بنایا جائے ،دوردارز علاقوںمیںکام کرنے والے صحافی محرومیوں کے شکار ہیں۔ نیشنل پریس کلب کے صدر طار ق محمود چوہدر ی نے کہا کہ تعصب کو ایک طرف رکھ کرملک کی بقاء کے لئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرناہوگا۔

ویڈیو جرنلسٹس ایسوسی ایشن سے پریس کلب کی پہچان ہے۔راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری جنرل علی رضا علوی نے کہا کہ میڈیا اداروں میں کیمروںکی انشورنس ہے لیکن کیمروںکے پیچھے نوجوانوںکی کوئی انشورنس نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اپنے جان کی پراہ کئے بغیر حالات حاضرہ سے عوام کو باخبر رکھتے ہیں۔پروگرام کے اختتام میں مہمانوں کو شیلڈ زاور وی جے اے کے ممبران کو موٹر سائیکل کے ہیلمٹس دیئے گئے۔