مفکر پاکستان، شاعر مشرق حضرت علامہ محمد اقبال ؒ کی 80ویں برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی

ہفتہ 21 اپریل 2018 22:55

سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) مفکر پاکستان، شاعر مشرق حضرت علامہ محمد اقبال ؒ کی 80ویں برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی ،21اپریل 1938ء کی سحربوقت 5بج کر18منٹ پر جاوید منزل میو روڈ (اقبال روڈ)لاہور میں حکیم الامت اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر فرخ نوید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اصغر علی جوئیہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، اسسٹنٹ کمشنر شاہد عباس،ڈی ایم او وقار اکبر چیمہ، سب رجسٹرار اربن /رورل ،انچارج اقبال منزل ریاض حسین نقوی، چیئرمین بزم اقبال شمیم خان لودھی اور ڈویژنل صدر مسلم یوتھ ونگ محمد فاروق گھمن کے علاوہ مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اقبال ؒ منزل ، سیالکوٹ میں حاضری دی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر فرخ نوید نے کہاکہ شہر اقبال ؒ کی مردم خیزمٹی کویہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے اقبال جیسے مرد قلندر کو جنم دیا جس کے برصغیر کے مسلمانوں کو انگریز سامراج کی غلامی سے نجات کی راہ دکھائی اور قوم کی راہنمائی کا عظیم فریضہ انجام دیا بحیثیت مسلمان اور پاکستانی ہمیں اقبالؒ کے افکار کو اپناکرکے ملکی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کیلئے جدوجہد کرنا ہوگی اور اس وطن عزیز کو اقبال ؒ اور قائد ؒ کا پاکستان بنانا ہوگاجس کا خواب اقبال ؒ نے دیکھا تھا۔

ڈی سی سیالکوٹ نے کہاکہ اقبال کے فرمودات اور تعلیمات سے نئی نسل کو روشناس کروانے کیلئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سیالکوٹ کے مقامی حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ سکولوں کے بچوں کے اقبال منزل میںمشاہداتی دوروں کو تعلیمی سرگرمیوں کا حصہ بنائیں اور یہ سلسلہ چند محصوص دنوں کی بجائے پورے سال پر محیط ہونا چاہیئے ۔ انہوں نے کہاکہ نظریہ پاکستان کے خالق علامہ محمد اقبال کے کلام میں امت مسلمہ کے تمام مسائل کا حل مضمر ہے ضرورت اس امر کی ہے ان کی تعلیمات پر عمل کیا جائے ۔