ریلوے نے رفتار میں پائیداری اور اضافہ یقینی بنا نے کے لئے 789.34 کلومیٹر ریلوے ٹریک پر مختلف رکاوٹیں ہٹائیں

چاروں صوبوں میں ٹریکس سے رکاوٹیں ہٹا کر14 مختلف روٹس کی بحالی کا کام کیا گیا

اتوار 22 اپریل 2018 14:30

اسلام آباد ۔22 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) پاکستان ریلوے نے 789.34 کلومیٹر ریلوے ٹریک کو گزشتہ پانچ برس کے دوران مختلف رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے بحال کیا ہے تاکہ رفتار میں پائیداری اور اضافے کو یقینی بنایا جا سکے۔ پاکستان ریلوے کے ذرائع نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام پی ایس ڈی پی کے تحت ملک کے چاروں صوبوں میں 14 مختلف روٹس پر بحالی کا یہ کام کیا گیا جس کے بعد 789.34 کلو میٹر ریلوے ٹریک کو رکاوٹوں سے پاک کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 397.05 کلومیٹر، سندھ میں 215.60 کلومیٹر، خیبرپختونخوا میں 23.69 کلومیٹر اور بلوچستان میں 153.00 کلومیٹر ٹریک سے رکاوٹیں دور کی گئی ہیں جن میں کراچی، حیدر آباد، کوٹری، دادو، ڈیر مراد جمالی، سبی، خان پور سے ملتان، لودھراں سے پاک پتن، فیصل آباد سے شیخوپورہ، ملتان سے لاہور، لاہور لالہ موسیٰ، پشاور سے اٹک، اسلام آباد سے راولپنڈی، ملتان سے کوٹ ادو، کوٹ ادو سے میانوالی، سبی سے خوست اور حیدرآباد سے روہڑی سے خانپور حصے سے رکاوٹیں دور کی گئی ہیں۔