فیصل آباد،زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ڈی فارمیسی کے طلبہ کا مستقبل تباہ کرنے پر تل گئی

پیر 23 اپریل 2018 17:05

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2018ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ڈی فارمیسی کے طلبہ کا مستقبل تباہ کرنے پر تل گئی ‘ڈگری پروگرام شروع کرنے سے پہلے فارمیسی کونسل سے این او سی نہیں لیا ‘یونیورسٹی کے پاس نہ تو طلبہ کی تربیت کیلئے لیبارٹری ہے اور نہ ہی لائبریری ‘سینکڑوں طلبہ کا مستقبل دائو پر لگ گیا ‘آن لائن کے مطابق زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے پانچ سال پہلے ڈاکٹر آف فارمیسی ( ڈی ‘فارمیسی ) کا ڈگری پروگرام شروع کرنے کافیصلہ کیا لیکن فارمیسی کونسل سے این او سی نہ لیا جس کی وجہ سے اب فارمیسی کونسل ڈگری کی منظوری نہیں دے رہی ‘2013ء میں شروع کئے گئے پروگرام سمیسٹر 49ہزار پانچ سو روپے فیس وصول کی گئی جو اب بڑھا کر باون ہزار روپے کردی گئی ہے اور اب پانچواں سیشن چل رہا ہے ‘ڈگری پروگرام کا پہلا سین چندماہ پہلے پاس آئوٹ ہوا لیکن ان کی ڈگری کو فارمیسی کونسل ماننے سے انکاری ہے کیونکہ یونیورسٹی انتظامیہ نے کونسل سے این او سی لیا اور نہ ہی فارمیسی کونسل کی شرائط کو پورا کیا جن میں علیحدہ علیحدہ عمارت ‘ریگولر اساتذہ ‘جدید لیبارٹری اور لائبریری کی شرائط بھی شامل ہیں ‘فارمیسی کونسل کے تحفظات دور نہ کرنے کی وجہ سے یونیورسٹی انتظامیہ نے سینکڑوں طلبہ کا مستقبل دائو پر لگا دیا ہے ۔