قتل کے مقدمہ میں نامزد ملزم درخواست ضمانت مسترد ہونے پر پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہو گیا

پیر 23 اپریل 2018 17:09

قتل کے مقدمہ میں نامزد ملزم درخواست ضمانت مسترد ہونے پر پولیس کو چکمہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2018ء) قتل کے مقدمہ میں نامزد ملزم درخواست ضمانت مسترد ہونے پر پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہو گیا۔دوسری جانب عدالت نے ڈکیتی کے مقدمے میں نامزد بزرگ نابینا اور ایک ٹانگ سے محروم دو ملزمان کو عبوری طور پرضمانت پر رہا کر دیا۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چوہدری شہرام سرور نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کر دی،درخواست ضمانت مسترد ہوتے ہی ملزم کمرہ عدالت سے نکل کر بھاگ کھڑا ہوا، مدعی مقدمہ اور پولیس اہلکار ملزم کے پیچھے بھاگتے اور تعاقب کرتے رہے تاہم ملزم پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہو گیا،ملزم صفدر کے خلاف تھانہ شمالی چھائونی لاہور میں قربان نامی شہری کے قتل کا مقدمہ درج ہے۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے ڈکیتی کے مقدمے میں نامزد بزرگ نابینا اور ایک ٹانگ سے محروم دو ملزمان کوعبوری طور پرضمانت پر رہا کر دیا، جسٹس چوہدری شہرام سرور کے روبرو ملزم ایم اقبال نے بتایا کہ وہ دونوں آنکھوں سے محروم ہے جبکہ اس کے ساتھی ایک ٹانگ سے معذور ہیں مگر پولیس نے انہیں ڈکیتی اور چوری کے مقدمے میں بلاجوازنامزد کردیا، عدالت نے متعلقہ پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او سے رپورٹ طلب کر لی۔