جمرود:راجگل تیراہ متاثرین کا اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ، باب خیبر کے مقام پر پاک افغان شاہراہ کو بند کردیا

پیر 23 اپریل 2018 20:48

جمرود ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2018ء) جمرود میں وادی تیراہ راجگل کوکی خیل سے نکل مکانی کرنے والے متاثرین نے تاریخی باب خیبر پر دھرنا دے کر پاک افغان شاھراہ کو ایک گھنٹے تک بند کردیا۔متاثرین کے دھرنے سے ملک نصیر احمد کوکی خیل، زینا گل آفریدی و دیگر نے کہا کہ 2011 میں وادی تیراہ راجگل کوکی خیل سے شورش و عسکریت پسندی سے ہزاروں خاندانوں نے نکل مکانی کرکے جمرود و دوسرے پر امن علاقوں میں رہائش پذیر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آپریشن کی وجہ سے ان کے گھر، مال اور کھیت تباہ ہوگئے حکومت کوکی خیل متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کرکے ان کو اپنے علاقے وادی تیراہ راجگل کوکی خیل کو باعزت واپسی کے لیے عملی اقدامات کرے۔ مظاہرین سے ممبر قومی اسمبلی الحاج شاہ جی گل آفریدی و اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ زاھد عثمان کاکا خیل نے مذاکرات کیے اور (آج) بروز منگل جمرود تحصیل آفس میں ایک جرگہ طلب کیا جس میں پولیٹیکل انتظامیہ کے افسران کے علاوہ ایف ڈی ایم اے کے حکام شرکت کریں گے اور تیراہ راجگل کوکی خیل متاثرین کے مطالبات سنیں گے۔