’خوشحال بلوچستان ‘پروگرام کے تحت وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے خضدار کے طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی پُروقار تقریب کا انعقاد

پیر اپریل 23:06

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل2018ء) ’’خوشحال بلوچستان ‘‘پروگرام کے تحت وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے خضدار کے اسٹوڈنٹس میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی پُروقار تقریب بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی خضدار میں منعقدہ ہوا ، تقریب کے مہمان خاص ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی تھے ۔ضلع خضدار کے مختلف گورنمنٹ و پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے اعلیٰ صلاحیتوں کے مالک، غریب و ہونہارطلباء و طالبات کومیرٹ، ومنصفانہ اندازمیں لیپ ٹاپ کے لئے منتخب کیا گیا تھا، سوشل ایکٹوسٹ بی بی ہماء رئیسانی ،سردار نصراللہ ساسولی ، سردارمہراللہ قمبرانی ، سردار محمد حیات ساجدی ، میرمنیراحمد محمد زئی مینگل ،میر فدا قلندرانی ،میر فیاض زنگیجو نے 250طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیئے ۔

(جاری ہے)

جب کہ میر اورنگزیب زہری ،سرداربلند خان غلامانی، سردارعزیز محمد عمرانی ،میر عتیق ساجدی ، مراد گزوزئی، انجینئر رضاء زہری، سعداللہ مینگل سمیت مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد، طلباء و خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ تقریب کا آغاز باقاعدہ تلاوت کلام پاک سے ہوئی، تلاوت کلام پاک کی سعادت محمد الیاس نے حاصل کی ۔ طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی اور سوشل ایکٹوسٹ بی بی ہماء رئیسانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت پاک فوج کے ساتھ مل کرفروغ تعلیم اور تعلیم میں جدت پیداکرنے کے لئے جو منصوبے سامنے لارہی ہے یقینا اس سے نوجوانوں کو ایک نیا ولولہ اور جوش و جذبہ ملا ہے ۔

غریب ، ہونہار و مستحق طلباء کو جس منصفانہ انداز میں لیپ ٹاپ فراہم کیا جارہاہے اس سے نوجوانوں کو حوصلہ ملاہے اوران کی تعلیم میں نکھارپیداہوئی ہے ۔ لیپ ٹاپ کی سہولت ملنے سے نہ صرف اعلیٰ تعلیم کے حوالے سے نوجوانوں کو مطالعہ کا موقع میسر آسکے گا بلکہ وہ اس سہولت کو امتحان کی تیاری تدریسی فائدے کے لے کام میں لاسکیں گے ۔ ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی نے کہاکہ جن خوش نصیبوں کو لیپ ٹاپ ملا ہے وہ اس پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لائیں اور جن اسٹوڈنٹس کو لیپ نہیں ملا ہے وہ حوصلہ رکھیں انشاء اللہ اگلی باری ان کی ہوگی ۔

انہوںنے کہاکہ آج کے نوجوان اپنے آپ کو کسی بھی طر کم تر نہ سمجھیں مستقبل کے معمار وہی ہیں آپ ہی میں سے ایک لیڈر پیدا ہوگا اور آپ ہی میں سے باصلاحیت رہنماء مستقبل میں قوم کی باگ ڈور سنبھالے گا ۔ طلباء اپنی محنت جدوجہد جاری رکھیں انشاء اللہ کامیابی آپ کی قدم چومے گی ۔ انہوںنے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایک پیارا ملک دیا ہے سی پیک کی صورت میں ملک کے سامنے خوشحالی اور تجارتی و معاشی ترقی کا ایک بحر بیکراں موجود ہے ، یہاں تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ایک بہت بڑی کھیپ کی ضرورت پڑے گی خوشحالی آئے گی بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا بلوچستان سمیت پورا ملک ترقی کریگا ۔

ترقی کا یہ سفر بلوچستان سے شروع ہو کر پورے ملک میں پھیلے گا تو مایوسی کی کوئی بات نہیں ہے سب کو ہمت باند ھ کر بھر پور تعلیمی محنت کرنی چاہیے اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے آج سے اپنے آپ کو تیار کیا جانا چاہیئے ۔ انہوںنے کہاکہ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی ذمہ داری جن کی تھی انہوںنے پہلے اور دوسرے مرحلے میں جس احسن انداز میں اس ذمہ داری کو نبہائی وہ قابل تحسین ہے ۔

سوشل ایکٹوسٹ بی بی ہماء رئیسانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مجھے اپنے اسٹوڈنٹس پر فخر حاصل ہے جن کو لیپ ٹاپ ملا ہے وہ اس کا تعلیمی شعبہ اور فروغ تعلیم کے لئے بھر پور فائدہ اٹھائیں اور جن طلباء کو ابھی تک لیپ ٹاپ نہیں ملا ہے وہ ہمت نہ ہاریں بلکہ بھر پور محنت کریں اگلے مرحلے میں ان کا نام بھی آئیگا اور انہیں بھی لیپ ٹاپ ملے گا انہوںنے کہاکہ مجھے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ میرے ضلع کے ہونہار باصلاحیت اور غریب و محنتی طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیا جارہاہے اور یہ منصفانہ تقسیم کے باعث طلباء کی بے حد حوصلہ افزائی ہوئی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ تعلیم وہ واحد شعبہ ہے کہ جس میں قوموں کا عروج و زوال مضمر ہے جن قوموں نے تعلیمی شعبے میں ترقی کی انہیں کامیابی میسر آئی جن قوموں نے تعلیمی شعبے کو پس پشت ڈالا وہ ناکامی سے دوچار ہوئے ہمارے تمام طبقات کو مل کر تعلیمی ترقی کے لئے اپنی توانائیاں خرچ کی جانی چاہیے اور اپنی نئی نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا چاہیے ، حکومت اور پاک فوج کی خدمات ناقابل فرامو ش ہیں وہ ملک کی خوشحالی و فلاح وبہبود و دیگر شعبوں کو جس طرح ترقی دے رہے ہیں عین اسی طرح لیپ ٹاپ کی صورت میں نوجوانوں کی ہمت افزائی اور حوصلہ افزائی کرکے ناقابل فراموش کارنامہ سرانجام دیتے رہیں گے اور اس کے دور رس نتائج برآمد ہونگے ۔

لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے موقع پر قومی ترانہ پڑھا گیا جس کے احترام میں تمام شرکاء کھڑ ے ہوگئے ،لیپ ٹاپ ملنے پرطلباء کی مسرت و خوشی دیدنی تھی ،لیپ ٹاپ کے حقدار ٹھرنے والے طلباء کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کی جس طرح حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور ان کے سر وں پر دست شفقت رکھا گیا ہے ہم اپنے ان احساسات کو لفظوں میں بیان ہی نہیں کرسکتے ہیں ،جس منصفی سے لیپ ٹاپ کے لئے ہمارا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے اس پر ہم اللہ تعالیٰ کا صد شکر ادا کرتے ہیں ۔