اے این ایف کے زیرِ اہتمام مظفر گڑھ سے شروع ہونے والی جیوے پاکستان سائیکل ریلی 780کلو میٹر کا فاصلہ طے کر نے کے بعد راولپنڈی پہنچ گئی

منگل 24 اپریل 2018 17:18

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) اے این ایف کے تعاون سی2 1 اپریل2018 کومظفرگڑھ سے شروع ہو نے والی 12 سائیکل سواروں پر مشتمل "جیوے پاکستان سائیکل ریلی -" 13 دنوں کا سفر طے کرنے کے بعد 24 اپریل 2018 کو اے این ایف ہیڈ کوارٹر راولپنڈی پہنچ گئی۔ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس فورس محمود عالم محسود(PSP) ، ڈائریکٹر ہیڈکوارٹرز بریگیڈیئر شیخ محمد علی حق اور دیگر ڈائریکٹرز اور سٹاف افسران نے سائیکل ریلی کے شرکاء کوخوش آمدید کہا اور منشیات کے خلاف آگہی و شعور بیدار کرنے میں ان کے عالی قدر جذبے اور نیک مقصد میں انکی رضاکارانہ خدمات کو سراہا۔

ریلی کے شرکاء کی بھرپور حوصلہ افزائی کی گئی اور نقدپچاس ہزار روپے انعام بھی دیا گیا۔ملک کے 14مقامات سے گذرنے والی اس سائیکل ریلی کی قیادت محمد لطیف سیال نے کی ۔

(جاری ہے)

ان سائیکل سواروں نے ملتان، خانیوال، میاں چنوں، چیچہ وطنی، ساہیوال، اوکاڑہ، پتوکی، لاہور، گجرانوالہ، گجرات، کھاریاں، جہلم، سوہاوہ اور گجر خان سے ہوتے ہوئے مجموعی طور پر 780 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا، اس کے علاوہ ریلی کے شرکاء مری تک سفر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ریلی کا مقصد عوام بالخصوص نوجوان نسل میں "منشیات سے پاک معاشری- " قیام کا منشور اجاگر کرنا ہے۔ ان سائیکل سواروں نے سکولوں کالجوں بس اڈوں اور دیگر عوامی مقامات پر منشیات کے خلاف پیغامات پر مشتمل اشتہارات اور سٹکر تقسیم کئے۔ اپنے سفر کے دوران انہوں نے صحت بخش زندگی سے متعلق تقاریر اورنصیحت آمیز مباحثے کئے۔ دورانِ سفر ریلی کے شرکاء نے منشیات کے خلاف پیغامات عام کرنے کے لئے جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے، نیز ان کی ٹی شرٹوں پر بھی منشیات کے خلاف پیغامات آویزں تھے۔

یہ سائیکل ریلی از خود ایک تفریحی مہم ہے جس میں کوئی بھی فرد رضاکارانہ طور پر شرکت کر سکتا ہے، چاہے وہ اس سفر کے کسی بھی مرحلے میں حصہ لے یا محض ریلی کے شرکاء کی پذیرائی کے لئے انہیں کوخوش آمدید کہے۔ اے این ایف اس صحت بخش سرگرمی کا سرکاری سطح پر گذشتہ 18برس سے اس ریلی کا سرپرست رہا ہے۔ریلی کے شرکا ء ریلی کے آغاز سے اس کے اختتام تک اے این ایف کے ساتھ مستقل رابطے میں رہتے ہیں اور اے این ایف ان کی ہمت باندھنے کی غرض سے ہر طرح کی مدد فراہم کرتا ہے۔

اے این ایف کا اس بات پر قوی یقین ہے کہ اس قسم کی صحت مند سرگرمیاں نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت جیسی تمام غیر صحت بخش سرگرمیوں سے دور رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اس ضمن میں اے این ایف نے تحفیف طلب منشیات کے نام سے ایک شعبہ بھی قائم کر رکھا ہے جو منشیات کے عادی افراد کو علاج کی سہولیات مہیا کرنے اور منشیا ت کے مضر اثرات کے بارے میں آگاہی بیدار کرنے میں سرگرم ِعمل ہے۔ اے این ایف نے سال 2017کے دوران ملک بھر میںمنشیات کے خلاف شعور بیدار کرنے کی غرض سی364 سرگرمیاں عمل میں لائیں ،جبکہ اس کے زیرِ انتظام اسپتالوں میں منشیات کے 900عادی افراد کو علاج کی سہولیات فراہم کی گئیں۔