سند ھ اسمبلی ، گٹکا کھانے پر اسپیکر نے صوبائی وزیر ضیا لنجار اور فراز ڈیرو کو ایوان سے نکال دیا

اگر آپ کو گٹکا کھانا ہے تو ایوان سے باہر جا کر کھائیں، ایوان کے ماحول کو خراب نہ کریں،آغا سراج کی ارکان کو سرزنش

منگل 24 اپریل 2018 19:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) سندھ اسمبلی کے اجلاس میں گٹکا کھانے والے صوبائی وزیرقانون ضیا الحسن لنجار اور پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی فراز ڈیرو کو اسپیکر نے جھاڑ پلاتے ہوئے ایوان سے باہر نکلنے پر مجبور کردیا، سندھ میں قانون بنانے والے خود ہی قانون شکن نکلے، وزیرقانون سندھ سمیت حکمران جماعت پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی نے ایوان میں بیٹھ کر قانون کو مذاق بنا ڈالا منگل کو اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی کی زیرصدارت اجلاس میں وزیرقانون ضیا الحسن لنجار اور پی پی رکن فراز ڈیرو گٹکا کھاتے ہوئے پکڑے گئے۔

(جاری ہے)

اسپیکر نے ایوان میں بیٹھ کر گٹکا کھانے والے ارکان کو جھاڑ پلاتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو گٹکا کھانا ہے تو ایوان سے باہر جا کر کھائیں، ایوان کے ماحول کو خراب نہ کریں اسپیکر کی سرزنش پر گٹکا کھانے والے دونوں ارکان کو ایوان سے باہر جانا پڑ گیا۔ وزیر قانون ضیاالحسن لنجار کا کہنا تھا کہ وہ گٹکا نہیں بلکہ چیونگم چبا رہے تھے انہوں نے اسپیکر سے ایوان میں معزرت بھی کی۔

متعلقہ عنوان :