شہر کا 80فی صد کچرا اٹھایا جارہا ہے، ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ

کورنگی صنعتی علاقے میں کائٹ کے قائم کردہ جی ٹی ایس کا انتظام سنبھالنے کے لیے تیار ہیں، نوٹی فیکشن جاری کردیا جائے گا، طحہ فاروقی کا کاٹی سے خطاب

منگل 24 اپریل 2018 19:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے مینجنگ ڈائرایکٹر طحہ احمد فارقی نے کہا ہے کہ شہر کا 80فی صد کچرا اٹھایا جارہا ہے، کورنگی صنعتی علاقے میں کائٹ کے بنائے گئے گاربیج ٹرانسفر اسٹیشنز(جی ٹی ایس) سے کچرا لینڈ فل سائٹ تک منتقل کرنے کے لیے تیار ہیں، جلد نوٹیفیکشن جاری کردیا جائے گا۔ کچرا ڈمپنگ سائٹ تک منتقل کرنے والی گاڑیوں میں جی پی ایس سسٹم لگا رہے ہیں، کورنگی ڈی ایم سی سے این او سی مل گئی ہے کچرا اٹھانے کے لیے جلد چینی کمپنی سے معاہدہ ہوجائے گا۔

انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے دورے کے موقع پران خیالات کا اظہار کیا۔ قبل ازیں صدر کاٹی طارق ملک نے ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ(ایس ایس ڈبلیو ایم بی) کے ایم ڈی طحہ فارقی کی کاٹی آمد پر ان کا خیر مقدم کیا جب کہ کاٹی کے سینیئر نائب صدر سلمان اسلم، نائب صدر جنید نقی، کائٹ ڈی ایم سی کے چیئرمین و سی ای او زبیر چھایا، گلزار فیروز، فرحان الرحمن اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔

(جاری ہے)

طارق ملک نے کہا کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام میں بہتری ضرور آئی ہے لیکن اسے تسلی بخش قرار نہیں دیا جاسکتا۔ انہوں نے صنعتی فضلے کی صفائی کے لیے ایس ایس ڈبلیو ایم بی کے ایم ڈی طحہ فاروقی کے فعال کردار کو سراہا۔ اس موقع پر کاٹی کے سینیئر نائب صدر سلمان اسلم نے کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے میں کچرا اٹھانے اور صنعتی فضلے کو ٹھکانے لگانے کے لیے ہر ممکن تعاون کو تیار ہیں۔

کائٹ ڈی ایم سی کے چیئرمین و سی ای او زبیر چھایا نے بتایا کہ ماضی میں سپریم کورٹ سے حاصل شدہ ہدایات کے مطابق کورنگی صنعتی علاقے میں مختلف مقامات پر گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن(جی ٹی ایس) بنائے گئے تھے، لیکن ان اسٹیشنز نے کچرا لینڈ فل سائٹس پر منتقل نہیں کیا گیا اور نہ ہی اس کچرے کو اٹھانے کے لیے مربوط نظام بنایا گیا۔ زبیر چھایا نے کہا کہ ای بی ایم کازوے ملیر ندی میں جی ٹی ایس کے مستقل قیام پر تحفظات ہیں، ماضی میں اس حوالے سے پریشانیوں کا سامنا کرتے رہے ہیں۔

بعدازاں کاٹی میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طحہ فارقی نے کہا کہ صفائی کے نظام میں بتدریج بہتری لارہے ہیں، واٹر کمیشن پر واضح کیا ہے کہ نالوں میں کچرا ڈمپ کرنا یا کچرے کو آگ لگانا کبھی ہماری پالیسی نہیں رہی، اس سلسلے کی مکمل روک تھام کے لیے مانیٹرنگ کا نظام بہتر کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کچرا اٹھانے والی گاڑیوں میں جی پی ایس ٹریکنگ سسٹم لگا رہے ہیں تاکہ اس بات کی یقین دہانی ہو کہ کچرا لینڈ فل سائٹ تک پہنچایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے کے لیے شیڈیول آف ایکشن بنانے کے لیے تیار ہیں، ابتدائی سطح پر کائٹ کے بنائے گئے جی ٹی ایس کا انتظام بورڈ سنبھال لے گی اور وہاں سے کچرا لینڈ فل سائٹ پر ڈمپنگ کے لیے روانہ کرنا ہماری ذمے داری ہوگی، جب کہ جی ٹی ایس تک کچرا صنعت کاروں کو خود پہنچانا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ کورنگی ڈی ایم سی سے این او سی مل گئی ہے اور جلد ہی اس ضلع میں بھی کچرا اٹھانے کا معاہدہ طے پا جائے گا۔ اس موقع پر کاٹی کے عہدے داران اور ارکان نے ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ طحہ فاروقی کی جانب سے کورنگی صنعتی علاقے کے لیے فوری احکامات اور اقدامات کرنے کا خیر مقدم کیا۔