وائس چیرمین بلدیہ غربی عزیز اللہ آفریدی نے قائم مقام چیرمین بلدیہ غربی کا چارج سنبھال لیا

منگل 24 اپریل 2018 19:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) وائس چیرمین بلدیہ غربی عزیز اللہ آفریدی نے قائم مقام چیرمین بلدیہ غربی کا چارج سنبھالنے کے بعداراکین کونسل اور چاروں زونوں کے بلدیاتی افسران سے میٹنگ کی اس موقع پر بلدیاتی افسران نے قائم مقام چیرمین کو اورنگی ، بلدیہ ، سائٹ اور کیماڑی زون میں جاری صفائی ستھرائی اور تعمیر و مرمت کے حوالے سے جاری کاموں کے ساتھ ساتھ شب برات کے حوالے سے قبرستانوں اورمساجد کے اطراف کیئے جانے والے خصوصی انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ پیش کی قائم مقام چیرمین نے بلدیاتی افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ غربی میں رہائش پذیر عوام کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہوگی ساتھ ہی تعمیر و مرمت کے جاری کاموں کی بروقت تکمیل اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے نئے منصوبوں کا آغاز بھی ترجیحات کا حصہ ہونگے شب برات کے موقع پر عوام کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری کاموں کو برق رفتاری سے مکمل کرنے اور بلدیہ غربی کی حدود میں موجود تمام قبرستانوں میں جھاڑیوں کی کٹائی ،روشنی کے انتظامات اور مساجدکے اطراف صفائی ستھرائی اور روشنی کی فراہمی کیلئے فول پروف انتظامات کو قبل از وقت مکمل کرنے کیلئے تمام تر موجود وسائل کو بروئے کار لایا جائے انہوں نے اجلاس میں موجود افسران کو متنبہ کیا کہ ڈیوٹی ٹا ئمنگ کی پابندی تمام افسران اور عملے کیلئے یکساں ہوگی گھوسٹ اور غیر حاضر ملازمین کیلئے ادارے میں کوئی گنجائش نہیں ہوگی بعد ازاں قائم مقام چیرمین نے کنٹریکٹرز سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل سننے کے بعد یقینی دیہانی کراتے ہوئے کہا کہ ادائیگیوں اور دیگر مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :