جامعہ سندھ جام شورو میں ’’انٹر ڈیپارٹمنٹل سندھی، اردو اور انگریزی تقریری مقابلے ‘‘ شروع ہو گئے

منگل 24 اپریل 2018 20:05

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) جامعہ سندھ جام شورو کے بیورو آف اسٹیگس کی جانب سے ہائیر ایجوکیشن کمیشن، اسلام آباد کے تعاون سے ’’انٹر ڈیپارٹمنٹل سندھی، اردو اور انگریزی تقریری مقابلے 2018ء‘‘ شروع ہو گئے ہیں آرٹس فیکلٹی بلڈنگ کے شیخ ایاز آڈیٹوریم میں گزشتہ روز 24 اپریل کو سندھی زبان میںتقریری مقابلے ہوئے، جس میں جامعہ سندھ کے مختلف شعبوں کے 20 طلباء و طالبات نے حصہ لیا مقابلے کے لئے مقرر ججز حسین مسرت شاہ، انور منصور منگریو اور عبدالرزاق سومرو کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق شعبہ انگریزی کے طالب علم نسیم چانڈیو نے پہلی پوزیشن، شعبہ کرمنالوجی کی طالبہ شازیہ اجن نے دوسری پوزیشن جبکہ شعبہ سندھی کی طالبہ نوشین نے تیسری پوزیشن حاصل کی اس موقع پر ڈائریکٹر، بیورو آف اسٹیگس ڈاکٹر سمیرا عمرانی نے اپنے خطاب میں مقابلے میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ ان مقابلوں کا مقصد ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دلانے کے ساتھ طلباء و طالبات کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنا اور ان کی خوداعتمادی میں اضافہ کرنا ہے یاد رہے کہ 25 اپریل کو اردو اور 26 اپریل کو انگریزی زبان میں تقریری مقابلے منعقد ہونگے۔