جماعت اسلامی کے متحرک کارکن طاسین سراج انتقال کرگئے ،ْحافظ نعیم نے نماز جنازہ پڑھائی

نماز جنازہ میں راشد قریشی ، زاہد عسکری ،منعم ظفر ، اہل محلہ ، عزیز واقارب اور رشتہ داروں کی شرکت، لواحقین و پسماندگان سے اظہار تعزیت

منگل 24 اپریل 2018 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) جماعت اسلامی سوشل میڈیا کے نوجوان اور متحرک کارکن طاسین سراج کم عمری میں انتقال کر گئے ،مرحوم کئی سالوں سے سرطان کے کینسر جیسی موذی مرض میں مبتلا تھے اس کے باوجود سوشل میڈیا میں سرگرم رہے، مرحوم کی نماز جنازہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے جامع مسجد غزالی گلشن اقبال میں پڑھائی جبکہ سخی حسن قبرستان میں والدہ کے پہلو میں سپرد خاک کیا گیا ، نماز جنازہ میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،نگراں سوشل میڈیاسیل سلمان شیخ ، ڈپٹی سکریٹری کراچی راشد قریشی ،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، امیر ضلع وسطی منعم ظفر خان ، جماعت اسلامی کے مقامی ذمہ داران ، عزیز واقارب ، اہل محلہ اور رشتہ داروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمن نے تدفین کے موقع پر کہا کہ نوجوان کاکم عمری میں وفات پانا ہم سب کے لیے سبق ہے ،ہمیں ہر لمحہ اللہ کی یاد اور آخرت کی فکر میں گزارنا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم طاسین سراج کم عمری میں سرطان جیسے موذی مرض میں مبتلا ہونے کے باوجود بھی اقامت دین کی جدوجہد میں مصروف رہے اور کام کرتے رہے ۔ اللہ سے دعا ہے کہ مرحوم کی مغفرت اور لواحقین وپسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔

علاوہ ازیں نائب امراء کراچی برجیس احمد ، مظفر احمد ہاشمی ، ڈاکٹر اسامہ رضی ، ڈاکٹر واسع شاکر ،محمد اسحاق خان ، محمد اسلام ،سکریٹری کراچی عبد الوہاب ، ڈپٹی سکرٹریز سیف الدین ایڈوکیٹ ، حافظ عبد الواحد شیخ اور دیگر نے مرحوم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت اور لواحقین و پسماندگان سے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے ۔