لوٹے کولسن کی پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری ، جدید فیکٹری کا افتتاح

بدھ 25 اپریل 2018 20:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) ملک کے سب سے مقبول اسنیکس برانڈز میں شامل سلانٹی ، براوو بسکٹس اور پاستا بنانے والے ادارے اور جنوبی کوریا کے لوٹے گروپ میں شامل لوٹے کولسن (Lotte Kolson) کا پنجاب کے ضلع قصور میں پھول نگر ملتان روڈ پر 20 ایکڑ رقبے پر محیط نئی جدید ترین فیکٹری کا افتتاح ہوگیا ہے۔ اس جدید ترین پلانٹ کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعلقات میں مزید بہتری آئے گی اور یہ شراکت داری اس بات کا ثبوت ہے۔

اس نئی فیکٹری کا افتتاح گورنر پنجاب عزت مآب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کیا جن کے ہمراہ جمہوریہ کوریا کے سفیر عزت مآب سونگ کیوکواک، لوٹے فوڈ اینڈ بیوریجز بزنس یونٹ کے وائس چیئرمین جائے ہیوک لی اور لوٹے کنفیکشنری کے پریذیڈنٹ میونگ کی من تھے۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب میں لوٹے گروپ کی جمہوریہ کوریا اور پاکستان میں موجود اعلیٰ انتظامیہ، اہم حکومتی شخصیات، پارٹنر ایجنسیاں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

اس افتتاح کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے لوٹے کولسن کے سی ای او عبداللطیف نے کہا،"قصور کے علاقہ پھول نگر میں لوٹے کا نیا پلانٹ پاکستانی معیشت میں بڑی سرمایہ کاری ہے، یہ سرمایہ کاری پاکستان میں اپنے آپریشنز پھیلانے کے طویل المیعاد عزم کا اظہار کرتی ہے۔ لوٹے گروپ کسی بھی شعبے میں اعلیٰ ترین معیار کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے اور اس نئے پلانٹ میں صحت و صفائی کے سخت ترین انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔

اس فیکٹری میں عالمی سطح پر اپنے معروف برانڈ لوٹے چوکو پائی (LOTTE Choco Pie) تیار کرے گی جس نے دنیا بھر میں لاکھوں صارفین کے دل جیت لئے ہیں۔ لوٹے گروپ اپنے مختلف برانڈز پاکستان میں متعارف کرائے گا جن میں عالمی سطح پر مشہور اسپاؤٹ سمیت دیگر شامل ہیں۔" لوٹے گروپ پاکستان کو بھرپور دلچسپی سے دیکھ رہا ہے اور مستقبل قریب میں بھی یہاں مختلف شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کی جائے گی اور لوٹے گروپ کی مزید کمپنیاں بھی پاکستان کی معاشی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لئے یہاں آئیں گی۔