شہر میں صفائی ستھرائی کے کاموں کا جائزہ لینے اور بہتری لانے کیلئے سینی ٹیشن کے سپروائزری اسٹاف کا اجلاس

بدھ 25 اپریل 2018 23:36

سکھر۔25اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) شہر میں صفائی ستھرائی کے کاموں کا جائزہ لینے اور بہتری لانے کے لئے سینی ٹیشن کے سپروائزری اسٹاف کی میٹنگ ڈپٹی میئر طارق چوہان کی صدارت میں ہوئی جس میں چیف سینٹری انسپکٹر سمیت تمام سینیٹری انسپکٹرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر طارق چوہان نے ہدایت کی کہ صفائی کے کاموں میں بہتری لانے کی ضرورت ہے جس کے لئے تمام سینیٹری انسپکٹرز اپنے زیر انتظام علاقوں میں صفائی کرانے اور کچرا ٹھکانے لگانے کو ممکن بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ کچرا اٹھانے کے لئے کافی گاڑیاں فراہم کی گئیں اور ان کو فیول بھی فراہم کیا جارہا ہے لہٰذا ہر سینیٹری انسپکٹر اپنی یو سی کی گاڑیوں کی تفصیلات اور ڈیزل کے استعمال کے بارے میں تفصیلی رپورٹ جمعرات تک فراہم کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کچرا کنڈی اور چِل ڈبہ کی روزانہ کی بنیاد پر صفائی کی جائے جبکہ یو سی کے چیئرمین صاحبان سے واپس آنے والے سینیٹری ورکرز کی اور پہلے سے موجود سینیٹری ورکررز کی مکمل تعداد اور تفصیلات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ افرادی قوت کی فراہمی اور کچرا اٹھانے کے لئے گاڑیوں وغیرہ کی سہولت دی گئی ہے لہٰذا صفائی ستھرائی نہ ہونے یا کچرا ٹھکانے نہ لگانے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹری انسپکٹرز کو صفائی کیلئے ہر چیز فراہم کردی گئی ہے ، ان تمام سہولتوں کے باوجود صفائی پر عدم اطمینان کی صورت میں کارروائی کی جائے گی ، انہوں نے کہا کہ ہر سینیٹری انسپکٹر اپنے اپنے علاقوں کے سینیٹری ورکز کی حاضری کو یقینی بنائیں جبکہ غیر حاضر ہونے والوں کے خلاف بلا تاخیر کارروائی کی جائے گی جس میں نوکری سے برخواست بھی کیا جاسکتا ہے۔

میئر سکھر نے صفائی ستھرائی کیلئے مطلوبہ فنڈز ، وسائل ، گاڑیاں اور اضافی ورکرز بھی فراہم کئے ہیں۔ انہوں نے سختی سے تاکید کی کہ صفائی کرنے والے اسٹاف کی غیر حاضری کو ہر گز نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میئر سکھر کا وڑن ہے کہ سکھر کو صاف ستھرا اور خوبصور شہر بنایا جائے اور ہر قسم کی سہولتیں فراہم کی جائیں لہٰذا ہمیں اس ٹارگٹ کو پورا کرنا ہے جو آپ کی پیشہ وارانہ ذمہ داری ہے۔

متعلقہ عنوان :