پنجاب کمیشن برائے حقوق خواتین کے زیر اہتمام آگاہی پروگرامز کا سلسلہ جاری

جمعرات 26 اپریل 2018 15:00

فیصل آباد۔26 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) پنجاب کمیشن برائے حقوق خواتین حکومت پنجاب کے زیر اہتمام خواتین کے حقوق کے تحفظ کواجاگر کرنے کیلئے آگاہی پروگرامز کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اس ضمن میں گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج گوجرہ میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ڈویژنل کوآرڈینیٹر پنجاب کمیشن برائے حقوق خواتین اختر عباس لک تھے جبکہ پرنسپل ادارہ پروفیسر منیر احمد،پروفیسر ڈاکٹر رانا شاہد مقبول،پروفیسر طاہر جان،پروفیسر رانا اعجازاحمدخاں،پروفیسر مزمل عرفان لک،پروفیسر شیخ شہبازاحمد ودیگر کے علاوہ طلباء وطالبات بھی موجود تھیں۔

ڈویژنل کوآرڈینیٹر نے بتایا کہ پنجاب کمیشن صوبہ بھر میں خواتین کے وراثتی حقوق کے تحفظ کیلئے بھی اقدامات کررہا ہے اور خواتین کے حقوق اور مسائل سے متعلق شکایات،معلومات اور رہنمائی کے لئی "1043"پر کسی بھی وقت مفت کال کی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ وراثتی جائیداد کے کیس کا فیصلہ ریونیو آفیسر کو 6ماہ کے اندر کرنے کا پابند بنایا گیا ہے جبکہ خواتین کی وراثتی جائیداد کی منتقلی کیلئے 2012ء سے بعد سے اسٹامپ ڈیوٹی 500روپے کرنے کے علاوہ رجسٹری انتقال کی مد میں رجسٹریشن فیس ختم کردی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شکایت کی سماعت اورازالہ کیلئے ہر ضلع میں عملدرآمد کمیٹی قائم کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کمیشن کے زیراہتمام آگاہی سیمینارز کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری رہے گا۔انہوں نے طالب علموں سے کہا کہ وہ خواتین کا احترام کریں اورا ن کے حقوق کے تحفظ کویقینی بنائیں۔ اس موقع پر پرنسپل ادارہ منیر احمد ودیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔