ہمارا مقصد خیبر پختونخوا سمیت فاٹا میں صحت، تعلیم، ریلیف پراجیکٹس اور وہاں کے مسائل پر ریسرچ کرنا ہے،

پاکستان دنیا کا خوبصورت ترین اور قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے،پاکستان کا امن پسند چہرہ پوری دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے ، صحت اور تعلیم ہماری ترجیحات کا بنیادی حصہ ہیں غیرسرکاری تنظیم’’اباسین فائونڈیشن پاکستان اور برطانیہ‘‘ کے عہدیداروں کی پریس کانفرنس

جمعرات 26 اپریل 2018 21:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) غیرسرکاری تنظیم’’اباسین فائونڈیشن پاکستان اور اباسین فائونڈیشن برطانیہ‘‘ کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد خیبر پختونخوا سمیت فاٹا میں صحت، تعلیم، ریلیف پراجیکٹس اور وہاں کے مسائل پر ریسرچ کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ پاکستان دنیا کا خوبصورت ترین اور قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے۔

23 رکنی وفد جس میں برطانیہ، پاکستان اور بھارت کے سیاح شامل ہیں، سیاح کوہ ہندوکش کے پہاڑیوں کی طرف روانہ ہوں گے۔ فنڈ ریزنگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال 50 ہزار پائونڈ سے گلگت بلتستان میں لڑکیوں کے لئے سکول تعمیر کیا۔ سکول میں 400 کے قریب طلباء علم حاصل کر رہے ہیں جبکہ دوسرے سکول میں بھی 500 سے زائد طلباء زیر تعلیم ہیں جنہیں پرائمری تا میٹرک تعلیم دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم کا ایک اور مقصد برطانیہ واپس جا کر پاکستان کا امن پسند چہرہ اپنے عوام کے سامنے رکھنا ہے اور پوری دنیا کو آگاہ کرنا ہے کہ پاکستان سیاحت اور سرمایہ کاری کے اعتبار سے پرامن اور وسائل سے مالا مال ملک ہے۔ جمعرات کے روزنیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے غیر سرکاری تنظیموں اباسین فائونڈیشن پاکستان اور اباسین فائونڈیشن برطانیہ کے عہدیداروں میںچیف ایگزیکٹو ہیلن بینگلی، پاکستان سے پروفیسر مختیار زمان، بریگیڈیئر (ر)گل زمان، طارق برطانیہ، شکیل سلام برطانیہ، عبیدالله پاکستان، جبین کوثرسمیت دیگر عہدیداران شریک ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم ہماری ترجیحات کا بنیادی حصہ ہیں، کے پی کے اور فاٹا ہمارے پراجیکٹس کا حصہ ہے، برطانیہ میں تنظیم کے لئے فنڈ ریزنگ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طارق جس کے ماں باپ پاکستان سے تھے، پہلی مرتبہ وہ پاکستان ہمارے ساتھ آئے ہیں، انہوں نے ایک دن میں 1200پائونڈ تنظیم کے لئے اکٹھے کئے تھے۔ نیک خواہشات اور جذبات کے ساتھ وہاں کے عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔

پاکستان دنیا کا خوبصورت اور دلکش ملک ہے، بیرون ممالک میں پاکستان کا جو چہرہ پیش کیا جارہا ہے حقیقت اس سے کہیں زیادہ مختلف ہیں، پاکستان کے عوام محبت اور مہمان نوازی کرنے والے لوگ ہیں۔ پاکستان کی دلکش اور خوبصورتی دیکھنے کے لئے گلگت کی طرف روانہ ہو رہے ہیں جہاں پر 10دن گزانے کے بعد برطانیہ روانہ ہوں گے۔