جنرل الیکشن کی تیاریوں کے سلسلے میں الیکشن کمیشن مختلف ورکشاپ اور ٹریننگ کا انعقاد کررہا ہے، الیکشن کمشنر گوادر عبدالواحد بلوچ

جمعرات 26 اپریل 2018 22:07

کوئٹہ۔ 26 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2018ء) الیکشن کمشنر گوادر عبدالواحد بلوچ نے کہا رہے کہ جنرل الیکشن کی تیاریوں کے سلسلے میں الیکشن کمیشن مختلف ورکشاپ اور ٹریننگ کا انعقاد کررہا ہے، ٹرنینگ کا مقصد آئندہ ہونے والے انتخابات شفاف بنانا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع گوادر کے مختلف علاقوں میں جنرل انتخابات سے متعلق ٹریننگ سینٹر کے معائنہ اور جائزہ کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آنے والے عام انتخابات 2018ء میں عوام کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے اور عوام کوجمہوری عمل میں شامل کرنے کے لیے ہر سال کی طرح انتخابات 2018سے پہلے سالانہ نظرثانی پروگرام کے تحت ووٹر فہرستوں کو کسی بھی ابہام سے پاک کرنے کا ضلعی سطح پر پورے پاکستان میں شیڈول جاری کیا ہے تاکہ عوام اپنے ووٹ کی جانچ پڑتال کرلیں۔

(جاری ہے)

اگر کوئی غلطی یا درستگی اندراج یا پھر غلط درج شدہ ووٹ کا اخراج کروانا ہو تو وہ اپنے قریب ترین ڈسپلے سنٹر پر جا کر ووٹرلسٹوں کے چیک کرسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈسپلے سینٹروں پر ووٹ کے اندراج /منتقلی ، اعتراض/اخراج اور درستگی کوائف کے فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ میں 30 اپریل 2018تک توسیع کردی ہے۔ عوام الناس سے التماس ہے اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اندراج و منتقلی ووٹ کے لئے فارم 15 ، اعتراض و اخراج ووٹ کے لئے فارم 16 اور درستگی کوائف کے لئے فارم 17اپریل تک اپنے قریبی ڈسپلے سینٹروں یا دفتر ضلعی/ایجنسی الیکشن کمشنر میں جمع کروائیں۔