صدر اور وزیر اعظم کل کراچی کا دورہ کریں گے

شاہد خاقان عباسی نجی ہسپتال کے ڈائلاسز یونٹ کا افتتاح،ممنون حسین جامعہ کراچی میں سیرت چیئر کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھیں گے

جمعہ 27 اپریل 2018 15:59

صدر اور وزیر اعظم کل کراچی کا دورہ کریں گے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء) صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کل(ہفتہ) کراچی کا دورہ کریں گے۔ دورے کے موقع پر دونوں کی مختلف مصروفیات ہوں گی۔تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ہفتے کو صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کا دورہ کریں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم نجی اسپتال کے ڈائلاسز یونٹ کا افتتاح کریں گے جبکہ صدر مملکت جامعہ کراچی میں سیرت چیئر کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

وزیر اعظم ٹنڈو آدم میں گیس منصوبے کا بھی افتتاح کریں گے۔بعد ازاں گورنر ہاس میں وزیر اعظم کی زیر صدارت کراچی کے مختلف منصوبوں پر اجلاس ہوگا۔خیال رہے کہ وزیر اعظم نے چند روز قبل بھی کراچی کا دورہ کیا تھا جب شہر قائد میں بجلی کا بحران اپنے عروج پر پہنچ گیا تھا۔وزیر اعظم نے کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کمپنی کو اپنے آپس کے معاملات حل کر کے شہر کو بجلی کی فراہمی کی ہدایت کی تھی۔