سرگودھا،ضلع کونسل کے واجبات کی عدم ادائیگی ، نادہندگان کے خلاف قانونی کاروائی کا تعین نہ ہو سکا، ادارے کو شدید مالی خسارے کا سامنا

جمعہ 27 اپریل 2018 20:43

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2018ء) ضلع کونسل کے واجبات کی عدم ادائیگی پر نادہندگان کے خلاف قانونی کاروائی کا تعین نہ ہونے کے باعث ادارے کو شدید مالی خسارے کا سامنا ہے ،ذرائع کے مطابق 15ماہ قبل فعال ہونیوالی ضلع کونسل کے ریگولیشن،پلاننگ، رینٹ سمیت دیگر شعبہ جات کی ریکوری کے معاملات گھمبیرہونے سے ادارے کا مالی بحران سر چڑ ھ کر بولنے لگا ہے ،جس کی وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ نوٹسز جاری ہونے کے باوجود نادہندگان کی ایک بڑی تعداد واجبات ادا کرنے سے انکاری ہے ، مگر نئے بلدیاتی نظام کے تحت جوڈیشل ایکشن کا تعین نہ ہونے کے باعث ضلع کونسل حکام ایسے نادہندگان کے خلاف بے بس ہیں،لگ بھگ ساڑھے تین کروڑ روپے سے زائد کے واجبات کی عدم ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے ادارے کو شدید مالی نقصان ہو رہا ہے اور مالی سال کی آخری سہ ماہی کا آغاز ہونے پر ریکوری کے سالانہ اہداف کی تکمیل بھی خطرے میں پڑ گئی ہے ،ضلع کونسل حکام کا کہنا ہے کہ ایسے قانون شکن افراد کے خلاف جوڈیشل ایکشن کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے بلدیاتی قوانین کے تحت ابتدائی کاغذی کاروائی مکمل کرکے چیئرمین ضلع کونسل کی جانب سے جوڈیشری حکام سے رجوع کر لیا گیا ہے کہ مجسٹریٹ درجہ اول کی ڈیوٹی لگائی جائے ،جس کے عوض ادارہ تیس ہزار روپے ماہوار عزازیہ ادا کریگا، تاکہ نادہندگان کے کیسز نمٹانے کے ساتھ ساتھ ریکوری کی صورتحال کو بہتر پوزیشن پر لایا جا سکے ،جبکہ ذرائع نے ریکوری کیلئے آئندہ چند دنوں میں بھرپور کریک ڈائون کے آغازکا امکان ظاہر کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :