پی ایس ڈی پی 2018-19 ، وزارت دفاع کیلئے 640.644 ملین روپے مختص کرنے کی تجویز

جاری منصوبوں کیلئے 562.447ملین، نئے منصوبوں کیلئے 78.197ملین روپے مختص ،سرکاری بجٹ دستاویزات

جمعہ 27 اپریل 2018 22:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اپریل2018ء) آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام پی ایس ڈی پی میں وزارت دفاع کے لئے 640.644 ملین روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے جس میں جاری منصوبوں کے لئے 562.447ملین جبکہ نئے منصوبوں کے لئے 78.197ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سرکاری بجٹ دستاویزات کے مطابق جاری منصوبوں میں لاہور میں سروے آف پاکستان کے دفتر کی تعمیر اور بائونڈی وال کے لئے 85ملین‘ کوہاٹ کینٹ میں ایف جی ڈگری کالج فار بوائز کی تعمیر کے لئے 89ملین‘ میری ٹائم پٹرول ویسلز کے لئے 75ملین‘ سروے آف پاکستان کے لئے جدید پرنٹنگ مشین کے لئے 253ملین‘ خان پور ڈیم میں پانی کی تقسیم کے نیٹ ورک کے فیز تھری کے لئے 58ملین مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

نئے منصوبوں کے تحت آئی ٹی انفراسٹرکچر کیلئے 20ملین جبکہ جیوڈیٹک ڈیٹم پاکستان کے لئے 58ملین مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔