سپریم کورٹ میں ریگولیٹری ڈیوٹی ا ٹھانے کے فیصلے کیخلاف اسٹیل انڈسٹری کی جانب سے دائر درخواست سماعت کیلئے منظور

جمعہ 27 اپریل 2018 23:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) سپریم کورٹ نے اسٹیل انڈسٹری کی طرف سے ریگولیٹری ڈیوٹی ا ٹھانے کے فیصلے کیخلاف اسٹیل انڈسٹری کی جانب سے دائر درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے متعلقہ دفترکوہدایت کی ہے کہ درخواست کو سماعت کیلئے مقررکیا جائے، عدالت نے واضح کیاکہ ڈیوٹی لگانا اور ڈیوٹی اٹھانا حکومتی معاملہ ہے ،جس میں عدالت مداخلت نہیں کرسکتی۔

جمعہ کو چیف جسٹس میاں نثارکی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پراسٹیل انڈسٹری کے وکیل شاہد عثمانی نے پیش ہوکر چیف جسٹس سے کہا کہ شاید ان کے علم میں ہوگا کہ اس وقت چین اور امریکہ کے درمیان معاشی جنگ جاری ہے ، جس پرچیف جسٹس نے ان سے استفسارکیا کہ کب یہ اعلان ہواہے ، توفاضل وکیل نے کہاکہ میں صرف ایک بات کر رہاہوں ،اصل معاملہ یہ ہے کہ ریگولیٹری ڈیوٹی اٹھانے سے پاکستان کی اسٹیل انڈسٹری بری طرح متاثر ہو رہی ہے، چیف جسٹس نے ان سے کہاکہ عدالت کوبتایا جائے کہ ریگولیٹری ڈیوٹی اٹھانے سے ہماری انڈسٹری کس طر ح متاثرہورہی ہے ،جبکہ ڈیوٹی لگانا یا اٹھانا حکومتی معاملہ ہے ، جس میں عدالت مداخلت نہیں کرسکتی۔

(جاری ہے)

فاضل وکیل کاکہنا تھاکہ اس فیصلے کے بعد چین سے در آمد ہونے والی چیزیں سستی ہوجائیںگی،جس سے مقامی انڈسٹری بری طرح سے متاثر ہوگی اس لئے اس معاملے کانوٹس لیا جائے ، جس پرعدالت نے اسٹیل ا نڈسٹری کی درخواست سماعت کیلئے منظورکرلی اورمزید سماعت ملتوی کردی۔