حکومت کا چھٹا بجٹ دراصل ایک سیاسی ، الفاظ کا گورکھ دھندہ اورہندسوں کے ہیر پھیر کے علاوہ کچھ نہیں،ڈاکٹرمعراج الہدی صدیقی

ہفتہ 28 اپریل 2018 16:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2018ء) امیرجماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ ایک ماہ کی مہمان مسلم لیگ ن حکومت کا چھٹا بجٹ دراصل ایک سیاسی ، الفاظ کا گورکھ دھندہ اورہندسوں کے ہیر پھیر کے علاوہ کچھ نہیں، پیش کردہ بجٹ پر آنے والی حکومت کیلئے عملدرآمد مشکل ہوگا جس کیلئے انہیں مزید ٹیکس لگانا پڑیں گے جس سے عام آدمی کی زندگی مزید مشکل ہوجائے گی، یہ بجٹ مکمل طور پر سیاسی اور مسلم لیگ نواز کی جانب انتخابات کو مدنظر رکھ کربنایا گیا ہے، لیکن اس میں ان کو مکمل طور پر ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔

حکومت نے ایک غیر منتخب شخص سے بجٹ پیش کرواکے عوام کے ووٹ کے تقدس کو پامال کیا ہے،کیا ایوان میں کوئی بھی منتخب ممبر اسمبلی اس قابل نہیں تھا کہ وہ بجٹ پیش کرسکتا، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والے کل اسمبلی میں ووٹ کی پرچی کی بے حرمتی اور ووٹر کی عزت کو پامال کیا گیا ہے، حکمرانوں کو اپنے مفاد کیلئے ووٹ کا تقدس کیوں یاد نہیں رہتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ فلاحی اداروں کو ٹیکس سے چھوٹ فراہم کرنا اچھا قدم لیکن شوبز اور فلمی صنعت کو بھی ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے سے معاشرے میں بے راہ روی میں مزید اضافہ ہوگا، حکومت ایک طرف زراعت کو ریلیف دینے کیلئے کھاد پر سیلز ٹیکس میں 3فیصد کمی تو دوسری طرف کھاد پر دی جانے والی سبسڈی ختم کرکے کسانوں پر کونسا احسان کررہی ہے، کسانوں کو ریلیف تب ملے گا جب ڈیزل کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی،زرعی مشینری اور ٹیوب ویلز کے بلز میں بھی کمی کی جائے۔

قرضوں کی ادائیگی کیلئے صوبوں کے مالیاتی فنڈز اور رائلٹی کے حصے میں سے 86ارب روپے کی کٹوتی سراسر ظلم ہے، حکومت نے بیرون ممالک سے قرضے اپنی عیاشیوں پر خرچ کئے لیکن اس کا بوجھ عوام پر ڈالا جارہا ہے ،عوام کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے،مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کرنے سمیت اس بجٹ نے بھی عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا ہے،بجٹ مکمل طور پر عالمی مالیاتی اداروں اور آئی ایم ایف کی فرمائش کے عین امنگوں کے مطابق پیش کیا گیا ہے جس سے عوام کو کسی قسم کی بھلائی کی امید نہیں ہے،بجٹ پیش ہونے کے چند گھنٹوں بعد اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی نوید حکمرانوں کے دعووں کی سراسر نفی ہے،سال میں ایک بار بجٹ پیش ہوتا ہے لیکن مہنگائی اور پیٹرولیم قیمتوں میں ہر ماہ اضافے سے عوام پر مہنگائی کی بمباری مسلسل جاری رہتی ہے ،حکمران اپنے دعووں کا بھرم رکھتے ہوئے بجٹ کو عوام دوست اور اس میں عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے مؤثر اقدمات کئے جائیں۔