رنگ روڈ کی تکمیل تک بے نظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو فعال رکھا جائے ،راولپنڈی چیمبر

اتوار 29 اپریل 2018 15:00

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2018ء) راولپنڈی چیمبر نے رنگ روڈ کی تکمیل تک بے نظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو فعال رکھنے کا مطالبہ کر دیا ۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہد لطیف خان نے گذشتہ روز اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ نئے ایئر پورٹ کا قیام خوش آئند ہے تاہم رنگ روڈ منصوبہ کی عدم تکمیل سے راولپنڈی شہر اور مضافاتی علاقوں کے رہائشیوں اورتاجر برادری کو نئے ہوائی اڈے تک رسائی کی مشکلات درپیش ہیں جو کہ رنگ روڈ منصوبہ کی تکمیل تک برقرار رہیں گی لہذا تاجر برادری حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ رنگ روڈ منصوبہ مکمل ہونے تک بے نظیر ائیوپورٹ کو فعال رکھا جائے اور خصوصاً اندرون ملک پروازوں کے آپریشنز اسی ہوائی اڈے پر رکھے جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ راولپنڈی اور ملحقہ علاقوں صدر، بحریہ ٹاون ، ڈی ایچ اے، سہالہ، روات کے شہریوں کوفتح جنگ کے نئے ائیرپورٹ تک پہنچنے کے لیے کم سے کم ڈیڑھ سے دو گھنٹے لگیں گے جبکہ ٹریفک کے رش کے باعث مسافروں کو پہلے ہی دقت کا سامنا رہتا ہے ۔دوسری جانب رمضان المبارک قریب ہے اور عمرہ زائرین کی روانگی کی تعداد میں اضافہ ہو گا جس سے نئے ائیرپورٹ جانے والی ٹریفک کے رش میں ازخود اضافہ ہو گا اوردیگر مسائل لاحق ہوں گے ۔صدر آر سی سی آئی زاہد لطیف خان نے کہاکہ حکومت خاص طور پر سول ایوی ایشن اس مسئلے پر غور کرے اور اندرون ملک پروازوں کو پرانے ائیرپورٹ پراترنے دے تاکہ مسافروں کی پریشانی کا ازالہ ہو سکے ۔