وزراء کو دوسرے ممالک میں نوکری کرنے پر شرم آنی چاہئے، مولا بخش چانڈیو

نوازشریف خود اداروں کے خلاف باتیں کررہے ہیں، جب حکومت کی رٹ ہی نہیں ہے تو اقتدار میں کیوں بیٹھے ہیں ، میڈیا سے بات چیت

اتوار 29 اپریل 2018 17:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹریز کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سنیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ وزراء کو دوسرے ممالک میں نوکری کرنے پر شرم آنی چاہئے، قانونی محاذ میں شکست کے بعد ن لیگ تصادم کی طرف جارہی ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے بات چیت میں مولابخش چانڈیو نے کہاکہ نوازشریف خود اداروں کے خلاف باتیں کررہے ہیں، جب حکومت کی رٹ ہی نہیں ہے تو اقتدار میں کیوں بیٹھے ہیں ،کیوں اب تک اپنے وزرا بٹھا رکھے ہیں، بہتر ہوتا نوازشریف اداروں کو تنقید کے بجائے خاموشی سے گھر لوٹ جاتے اگر نواز شریف قبل از وقت انتخابات کرا دیتے تو ان کی رسوائی کم ہوجاتی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی غریبوں کی جماعت ہے، پنجاب سے بڑے بڑے نام چلے جانے سے فرق نہیں پڑتا، ندیم افضل چن سیٹ کیلئے پیپلزپارٹی کو چھوڑ کرگئے، پیپلزپارٹی کے خلاف بہت سازشیں کی گئیں، جان بوجھ کر پیچھے دھکیلا گیا۔وفاقی بجٹ سے متعلق مولابخش چانڈیونے کہاکہ حکومت کو بجٹ پیش کرنے کی کیا جلدی تھی حکومت نے چند گھنٹے پہلے ایک غیرمنتخب شخص کو وزیرخزانہ بنایا، آئندہ آنے والی حکومت کا حق مارا گیا۔