نظام عدل قائم کرنے کیلئے عوام کو اپنی سوچ کو تبدیل کرنا پڑے گی اور ووٹ کے استعمال کو صحیح سمت دینا ہوگی، راشد نسیم

اتوار 29 اپریل 2018 20:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ ملک میں عدل کا نظام قائم نہ ہونے کی وجہ سے لوگ غیر محفوظ ہیں۔ جب تک عوام اپنے ووٹ کی قدر کو نہیں جانے گی اس وقت تک ظالمانہ نظام قائم رہے گا یہ بات انہوں نے جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے تحت منقعدہ دوروزہ تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ٹنڈوالہیار ، ٹنڈو محمد خان ،بدین ، میر پور خاص کے کارکنان نے شرکت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں اس وقت جو نظام قائم ہے وہ قرآن و سنت سے بہت دور ہے اسی وجہ سے عوام مسائل کا شکار ہیں، ملک کے خراب حالات کی ذمہ داری صرف حکمرانوں پر ہی نہیں بلکہ عوام پر بھی عائد ہوتی ہے جنہوں نے اپنے ووٹ کی اہمیت اور قدر کو نہیں پہچانا اور ایسے لوگوں کو ایوانوں میں پہنچا دیا جنہوں نے کرپشن اور لوٹ مار کے ریکارڈ قائم کردئیے اور ایسے حالات پیدا کردئیے کہ آج ہمارے بچوں،مائوں بہنوں کی عزت بھی محفوظ نہیں رہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نظام عدل قائم کرنے کیلئے عوام کو اپنی سوچ کو تبدیل کرنا پڑے گی اور ووٹ کے استعمال کو صحیح سمت میں کرنا ہوگا اور ایسے لوگوں کو منتخب کرنا ہوگا جو اللہ سے ڈرنے والے ہوں اور سنت رسولؐ پر عمل کرنے والے ہوں۔اس موقع پر معروف دانشور شاہد ہاشمی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی نظام کو نافظ کرنے کیلئے پہلے خود پر اسلام کو نافذ کرنا ہوگا،جب ہم خود اس پر چلنے والے بن جائیں گے اور ہمارا کردار سنت رسولؐ کے مطابق ہوگا تو معاشرے میں بھی تبدیلی آجائے گی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری عبدالوحید قریشی،ڈاکٹر شاہد رفیق خانزادہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔