پاکستان کا جنوبی کوریا اور شمالی کوریا کے سربراہوں کے درمیان ہونے والی تاریخی سربراہ ملاقات کا خیرمقدم، توقع ہے یہ ملاقات دونوں کوریائوں کے ساتھ ساتھ خطہ میں پائیدار امن، خوشحالی، استحکام، مفاہمت اور تعاون کے فروغ کاپیش خیمہ ہو گی،ترجمان دفتر خارجہ

اتوار 29 اپریل 2018 22:50

اسلام آباد ۔ 29 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2018ء) پاکستان نے جمہوریہ جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان اور عوامی جمہوریہ شمالی کوریا کے چیئرمین کم جانگ کے درمیان ہونے والی تاریخی سربراہ ملاقات کا خیرمقدم کیا ہے،اور توقع ظاہر کی کہ یہ ملاقات دونوں کوریائوں کے ساتھ ساتھ خطہ میں پائیدار امن، خوشحالی، استحکام، مفاہمت اور تعاون کے فروغ کاپیش خیمہ ہو گی۔

(جاری ہے)

اتوار کو دفترخارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دونوں کوریائوں کے مابین بامقصد مذاکرات کی بحالی اور جزیرہ نما کوریائوں کے اتحاد کی تمام کوششوں، بشمول جون 2000ء اور 2007ء کو شمالی اور جنوبی کوریا کے دونوں سربراہان کے مابین ہونے والی ملاقاتوں کی حوصلہ افزائی اور حمایت کی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ تمام متعلقہ فریقوں کو کشیدگی کم کرنے کے لئے مذاکرات اور سفارتکاری کی راہ اختیار کرنی چاہیے، خطہ کے امن اور استحکام کے لئے نقصان کا باعث کسی بھی کارروائی سے گریز کرتے ہوئے کوریائی جزیرہ نما کے ایک جامع حل کے حصول کی جانب بڑھتے ہوئے کام کرنا چاہیے۔