امریکہ نے پاکستانی سفارتکاروں کی نقل و حرکت محدود کرنے کا فیصلہ ملتوی کر دیا

دونوں جانب سے تعلقات میں بہتری کیلئے کی جانے والی کوششوں کے سبب اس فیصلے کو مئی کے وسط تک ملتوی کردیا گیا ،ْ حکام

پیر 30 اپریل 2018 15:09

امریکہ نے پاکستانی سفارتکاروں کی نقل و حرکت محدود کرنے کا فیصلہ ملتوی ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) پاکستان اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں کشیدگی کے خاتمے کی کوششوں کے پیش نظر امریکا نے پاکستانی سفارتکاروں کی نقل و حرکت محدود کرنے کا اپنا فیصلہ ملتوی کردیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق معاملات میں بہتری نہ آنے کی صورت میں مذکورہ حکم نامے پر یکم مئی سے عملدرآمد ہونا تھاتاہم نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے حکام کا کہنا تھا کہ دونوں جانب سے تعلقات میں بہتری کیلئے کی جانے والی کوششوں کے سبب اس فیصلے کو مئی کے وسط تک ملتوی کردیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے غیر ملکی شہریوں اور سفارتکاروں پر فاٹا، کراچی اور بلوچستان کے کچھ علاقوں کا سفر اختیار کرنے پر دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر پابندی عائد کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں پاکستان میں موجود امریکی مشن تک رسائی حاصل کرنے والے افراد کو بھی کڑی حفاظتی نگرانی اور شناخت کے عمل سے گزرنا پڑ رہا تھا ،ْ پاکستان کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد صرف غیر ملکی مشن اور ان کے ملازمین کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔دوسری جانب امریکا کی جانب سے پاکستان میں موجود سفارتکاروں اور امریکی مشن کے گھر اور دفاتر میں بلائے گئے مہمانوں پر بھی اسی قسم کی حفاظتی پابندیوں کا اطلاق کرنے کے سبب تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔