سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ نے ایبٹ آباد میں 60 سال سے زائد عمر افراد کی رجسٹریشن مکمل کر لی

پیر 30 اپریل 2018 17:27

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ نے ایبٹ آباد سے 60 سال سے زائد عمر کے 50 ہزار سے زائد افراد کی رجسٹریشن مکمل کر لی ہے۔ لوگ رجسٹریشن فارم مہنگے داموں خریدنے کے ساتھ ساتھ بزرگوں کو گھر سے چارپائیوں اور ویل چیئرز پر لا کر رجسٹریشن کروانے لگے، 60 سال سے زائد عمر کے لوگوں کیلئے حکومت کی طرف سے کوئی فنڈز مختص نہیں کئے گئے، صرف ہسپتال میں دس روپے کی چٹ مفت ہونے کے ساتھ ساتھ لیڈی گارڈن اور لائبریری میں داخلہ فری ہو گا۔

(جاری ہے)

صوبائی حکومت نے ساٹھ سال سے زائد عمر کے بزرگوں کی رجسٹریشن کی ہدایات جاری کی تھی جس پر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ نے لوگوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر رکھا ہے جس کیلئے لوگ گھروں سے بزرگوں کو چارپائیوں اور ویل چیئرز پر لا کر رجسٹریشن کرا رہے ہیں۔ رجسٹریشن کیلئے فارم بھی مہنگے داموں فروخت کئے جا رہے ہیں لیکن محکمہ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ نے رابطہ پر بتایا کہ اب تک ایبٹ آباد میں 50 ہزار سے زائد لوگ رجسٹریشن کروا چکے ہیں، صوبائی حکومت کی طرف سے بزرگوں کو دینے کیلئے کوئی فنڈ نہیں رکھا گیا اور نہ ہی انہیں کوئی فنڈز دیا جا رہا ہے، صرف انہیں ہسپتالوں میں دس روپے کی چٹ، لیڈی گارڈرن اور لائبریری میں داخلہ فری ہو گا۔

متعلقہ عنوان :