متحدہ مجلس عمل کا ورکرز کنونشن 2 مئی کو اسلام آباد میں ہو گا

سیاست و جمہوریت کو بدنام کر دیا گیا ،ْعوام کو ظلم سے نجات دلائینگے، الیکشن تاخیر کا شکار نہیں ہونے دینگے ،ْلیاقت بلوچ

پیر 30 اپریل 2018 19:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) متحدہ مجلس عمل کے زیر اہتمام 2 مئی کو اسلام آباد میں ورکرز کنونشن منعقد ہو گا۔متحدہ مجلس عمل کے زیر اہتمام 2 مئی کو اسلام آباد میں ورکرز کنونشن کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے علامہ عارف واحدی اور مولانا انس نورانی کے ہمراہ صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایم ایم اے بحالی سے عوام میں نئی امید پیدا ہوئی وہیں سیکولر طبقہ کو بجلی زور دار جھٹکا لگا ،ْسیاست اور جمہوریت کو بدنام کر دیا گیا، ایم ایم اے عوام کو ظلم وجبر سے نجات دلائے گی۔

سیکرٹری جنرل متحدہ مجلس عمل نے مطالبہ کیا کہ انتخابات بروقت ہونے چاہئیں، الیکشن کا التواء کسی صورت نہیں ہونے دیں گے، سیاسی بازار میں بڑے کھلاڑی ناکام ہو گئے، امانت و دیانت کو مد نظر رکھتے ہوئے نیا بیانیہ دینگے، ایم ایم اے نے آئندہ 90 دن کیلئے لائحہ عمل تیار کرلیا۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہا کہ جلسوں کے نام پر سیاسی جماعتیں اربوں روپے خرچ کررہی ہیں، الیکشن کمیشن خاموش تماشائی کا کردار نبھا رہا ہے جبکہ سیاسی جماعتیں لوٹی دولت جلسوں پر پانی کی طرح بہا رہی ہیں، الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کی طرف سے پیسہ پانی کی طرح بہانے کا نوٹس لے، تیرہ مئی کو مینار پاکستان پر بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کریں گے۔