عوام ’’شب برأت‘‘ میں قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کو خصوصی طور پر یاد رکھیں، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

پیر 30 اپریل 2018 20:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2018ء) ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ عوام ’’شب برأت‘‘ میں قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کو خصوصی طور پر یاد رکھیں، عافیہ کی قید تنہائی کا 16واں سال شروع ہوچکا ہے میں تمام علمائے کرام، ائمہ مساجد اور عوام سے ’’شب برأت‘‘ کی عبادتوں میں پاکستان اور عالم اسلام کے مسلمانوں کی سلامتی،ترقی و خوشحالی ، دنیا بھر میں بے گناہ قیدیوں کی رہائی اور عافیہ کی امریکی حراست سے رہائی اور وطن واپسی کیلئے خصوصی دعائیں کرنے کی اپیل کرتی ہوں۔

عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہاکہ عبادتوں کے لئے مخصوص راتوں کی دعائیں خاص اہمیت کی حامل ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

جرم بے گناہی کی پاداش میں عافیہ کے امریکی حراست میں ’’5510 ‘‘ دن گذرگئے ہیں۔عافیہ کو اسلام سے دلی لگائو تھا جس کی وجہ سے وہ ایسے بابرکت ایام میں اہلخانہ کو بہت یاد آتی ہے۔ ڈاکٹر فوزیہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مغرب کے حکمران جس طرح اپنے شہریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہیں، اس طرح کی احساس ذمہ داری کا فقدان ہماری قومی قیادت میں واضح طور پر محسوس ہوتا ہے۔ قوم دعا کرے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ایسے حکمران عطا کرے جن کی اولین ترجیح شہریوں کے جان، مال ، عزت و آبرو کی حفاظت ہو۔#