حکومت ملکی تعمیر و ترقی میںمزدوروں کی قابل قدر شراکت کوخراج تحسین پیش کرتی ہے،پیرصدرالدین

وزارت سمندر پار پاکستانیز وترقی انسانی وسائل مزدوروں کی بہتری اور فلاح کے لئے جانفشانی سے دن رات کوشاں ہے،وفاقی وزیر کا مزدوروں کے عالمی دن پر پیغام

پیر 30 اپریل 2018 22:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2018ء) مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پروفاقی وزیربرائے سمندر پار پاکستانیز وترقی انسانی وسائل پیر سید صدرالدین شا ہ راشدی نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کی تعمیر اور سماجی و اقتصادی ترقی میںمزدوروں کی قابل قدر شراکت کو تسلیم کرتی ہے اور انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ مزدور ہماری معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اورملک ِپاکستان کی اقتصادی ترقی کی شرح، امن اور ہم آہنگی کو بڑھانے کے لئے ان کا تعاون اورلگن ضروری ہے ۔

وزارت سمندر پار پاکستانیز وترقی انسانی وسائل مزدوروں کی بہتری اور فلاح کے لئے جانفشانی سے دن رات کوشاں ہے ، یہ ہماری اولین ترجیح ہے کہ ملکی سطح پر مزدوروں کے تمام قوانین کوبین الاقوامی معیار کے مطابق قلمبند کیا جائے اور ان قوانین کی عملدرآمدمیں تسلسل لایا جائے۔

(جاری ہے)

وزارت تمام صوبائی حکومتوں اور دیگر سماجی شراکت داروں کے تعاون سے مزدوروں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو پورے ملک میں یقینی بنانے کی کوششوں کی طرف گامزن ہے۔

پاکستان نے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن(ILO) کی36 کنونشزبشمول 8بنیادی کنونشنزکی منظوری دی ہے جن پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے۔مزدور اور آجر ہماری ملکی معیشت کامرکزی حصہ ہیںاورہنر مند مزدورملک کی سماجی، اقتصادی ترقی میں اہم کردار اداکر رہے ہیں۔وزارت ایک مرتبہ پھر اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ مزدروں کے بنیادی حقوق کی پاسداری میں ہر ممکن کوشش کرے گی۔مزدوروں کے اس عالمی دن کی مناسبت سے میں پاکستان کے تمام مزدوروں کوتہہ دل سے ان کی محنت اور جفاکشی پرمبارکباد پیش کرتا ہوں اور ان کے بہتر اور خوشحال مستقبل کے لئے دعا گو ہوں۔ظفر ملک

متعلقہ عنوان :