سوئٹزرلینڈ میں رنویر سنگھ کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تیاریاں مکمل

یورپی ملک میں پہلی بار اداکار کے نام سے خصوصی ٹرین سروس کا آغاز ہونے جا رہا ہے

پیر 30 اپریل 2018 22:55

سوئٹزرلینڈ میں رنویر سنگھ کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تیاریاں مکمل
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2018ء) ویسے تو ان دنوں بولی وڈ کے ’علاؤ الدین خلجی‘ رنویر سنگھ کی شادی کی چہ مگوئیاں جاری ہیں، جس متعلق اطلاعات ہیں کہ ان کی شادی رواں برس ستمبر یا دسمبر میں ہوگی۔شادی کی چہ مگوئیاں اپنی جگہ لیکن ان دونوں رنویر سنگھ اپنی آنے والی فلم ’گلی بوائے‘ کی شوٹنگ مکمل کرنے کے بعد چھٹیان منانے کے لیے سوئٹزرلینڈ میں موجود ہیں، جہاں انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

جی ہاں، یورپی ملک سوئٹزرلینڈ میں پہلی بار رنویر سنگھ کے نام سے خصوصی ٹرین سروس کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ رنویر سنگھ جو سوئٹزرلینڈ کے محکمہ ثقافت کے سفیر ہیں، ان کے اعزاز کے لیے وہاں ان کے نام سے منسوب کی گئی خصوصی ٹرین سروس شروع کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

سوئٹزرلینڈ کا محکمہ سیاحت ٹوئرزم کے فروغ کے لیے بولی وڈ اداکار کے نام سے منسوب ’رنویر آن ٹوئر‘ کے نام سے 30 اپریل سے خصوصی ٹرین سروس شروع کرنے جا رہا ہے۔

رنویر سنگھ کے نام سے منسوب کی گئی یہ خصوصی ٹرین سروس سوئٹزرلینڈ کے معروف ٹرین روٹ ’گولڈن پاس‘ پر چلے گی، جو وسطی سوئس شہر ’لیوکرنے‘ سے شروع ہوکر جنیوا تک جاتا ہے۔ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ یہ خصوصی ٹرین سروس کتنے عرصے تک وہاں چلے گی اور اس کی ٹکٹ کتنی ہوگی۔یہ پہلا موقع ہوگا کہ سوئٹزرلینڈ میں کسی بھارتی اداکار یا شخصیت کے نام سے خصوصی ٹرین سروس چلے گی۔رنویر سنگھ نے سوئٹزرلینڈ میں چھٹیاں منانے کے دوران وہاں سے اپنی ویڈیوز اور تصاویر کو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔۔