کینیا کی وزیر خارجہ ڈاکٹر مونیکا جوما کی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات

وزیر خارجہ نے کینیا کے صدر کے خصوصی نمائندے کے طور پر وزیراعظم پاکستان کو کینیا کے دورے کی دعوت پہنچائی

پیر 30 اپریل 2018 22:36

کینیا کی وزیر خارجہ ڈاکٹر مونیکا جوما کی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) کینیا کی وزیر خارجہ ڈاکٹر مونیکا جوما نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی۔ ان کے ہمراہ پاکستان میں کینیا کے ہائی کمشنر بھی تھے۔ کینیا کی وزیر خارجہ کینیا کے صدر کے خصوصی نمائندے کے طور پر پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں جس کا مقصد وزیراعظم پاکستان کو کینیا کے دورے کی دعوت پہنچانا ہے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اس ماہ کے شروع میں برطانیہ میں دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے اجلاس کے موقع پر کینیا کے صدر کے ساتھ خوشگوار ملاقات کا ذکر کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ خوشگوار تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کینیا کے ساتھ مختلف النوع باہمی تجارت کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ کینیا کی وزیر خارجہ ایمبیسڈر ڈاکٹر مونیکا جوما 2 اور 3 مئی کو کراچی میں ہونے والی کینیا پاکستان ٹریڈ و انویسٹمنٹ کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔