رواں مالی سال کے دوران حکومت نے نوجوانوں کو وزیراعظم یوتھ بزنس قرضہ سکیم کے تحت 22 ہزار 205 ملین روپے کے قرضے فراہم کئے

پیر 30 اپریل 2018 22:44

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) رواں مالی سال 2017-18ء کے دوران حکومت نے نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے وزیراعظم یوتھ بزنس قرضہ سکیم کے تحت 22 ہزار 205 ملین روپے کے قرضے فراہم کئے ہیں جبکہ بلا سود قرضہ سکیم کے تحت 9 ہزار 737 ملین روپے کے قرضے فراہم کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اقتصادی جائزہ رپورٹ 2017-18ء کے مطابق وزیراعظم سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے آغاز سے اب تک ایک لاکھ نوجوان مستفید ہو چکے ہیں جبکہ وزیراعظم کی یوتھ ٹریننگ سکیم کے تحت 33 ہزار 530 تعلیم یافتہ نوجوانوں نے انٹرنز پروگرام میں شرکت کی۔

اس سکیم کے تحت طلباء و طالبات کی فیس کی ادائیگی بھی کی گئی ہے۔ حکومت نے نوجوانوں کو بے روزگاری سے بچنے اور انہیں اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے لئے متعدد سکیموں کا اجراء کیا جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے یوتھ ڈویلپمنٹ سکیموں کے تحت بہت سے نوجوان اپنے کاروبار چلا رہے ہیں جس سے ملکی معیشت میں بھی بہتری کے امکانات روشن ہیں۔