قومی وطن پارٹی کی انتخابی مہم نے مخالفین کی نیندیں حرام کردی ہیں، حاجی فخر زمان

پیر 30 اپریل 2018 23:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 اپریل2018ء) قومی وطن پارٹی ضلع پشاور کے وائس چیئرمین حاجی فخر زمان نے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی کی انتخابی مہم کے حوالے جاری کامیاب جلسوں نے مخالفین کی نیندیں حرام کردی،پشاور،مردان،چارسدہ اور صوابی میں قومی وطن پارٹی کے جلسوں میں عوام کی بھر پور شرکت پارٹی پالیسیوں پر نہ صرف اعتماد کا مظہرہے بلکہ اس سے ثابت ہو چکا ہے کہ آنے والا کل قومی وطن پارٹی کا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونین کونسل بازید خیل میں پارٹی کارکنوں کے ایک تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں کے سرکردہ کارکنوں نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی قائد آفتاب احمد خان شیرپائو اور صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان کی قیادت اور پالیسیوں پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

حاجی فخر زمان نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم متحد ہوکر قومی وطن پارٹی کے منشور اور پروگرام کو گھر گھر پہنچائے۔انھوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں قومی وطن پارٹی کے جلسوں میں صوبہ کے غیور عوام کی بھرپور شرکت نے ثابت کردیا ہے کہ 2018قومی وطن پارٹی کا سال ہے۔ انھوں نے صوبائی حکومت کی ناقص اور عوام دشمن پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پختون پی ٹی آئی کا اصل چہرہ جان چکے ہیں اور وہ آنے والے انتخابات میںووٹ کے ذریعے ان کو مسترد کرکے ایسے حکمرانوں کو منتخب کریں گے جو صحیح معنوں میں ان کے حقوق کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی اور اس کی لیڈر شپ حقیقی معنوں میں پختونوں کی نمائندگی کا حق ادا کر رہی ہے اور انشاء اللہ برسراقتدار آکر پختونوں کو ایک نئی صبح اور خوشحال معیار زندگی فراہم کریں گے۔