ارکان سندھ اسمبلی کو دھمکیاں ملنے کا سلسلہ بڑھ گیا، صوبائی امداد پتافی کے بعد ایم کیو ایم رکن صابر قائم خانی کو بھی جان سے مارنے کی دھمکی

پیر 30 اپریل 2018 23:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) سندھ اسمبلی کے ارکان کو دھمکیاں ملنے کا سلسلہ بڑھتا جارہا ہے۔ پہلے صوبائی وزیر امداد پتافی کو دہمکی آمیز پیغامات ملے تھے اب اسی قسم کی دھمکیاں ایم کیو ایم کے ارکان کو بھی ملنا شروع ہوگئی ہیں۔ پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران ارکان نے اس معاملے کو سندھ اسمبلی کے ایوان میں بھی اٹھایا۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کے رکن صابر قائم خانی نے ایوان کو بتایا کہ انہیںواٹس ایپ پر یہ پیغام دیا گیا ہے کہ مطلوبہ رقم فراہم کرو،دھمکی آمیز پیغام میں انہیں اور گھروالوں کو جان سے مارنے کی دہمکی بھی دی گئی ہے۔رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ انہیں سکیورٹی فراہم کی جائے عدالت کے حکم پر سکیورٹی واپس لی جا رہی ہے۔ ایم کیو ایم کے رکن کامران اختر نے ایوان میں دھمکی کے بارے میں آگاہ کیا ان کا کہنا تھا کہ انہیںبھی دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے لشکر جھنگوی کی طرف سے پیغام موصول ہوا، جس پر اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا کہ آپ کو دھمکی دیتے ہوئے انہیں ڈر نہیں لگا ۔